ہندوستان میں یوم جمہوریہ جوش و خروش سے منایا گیا
ہندوستان میں چھبیس جنوری کے موقع پر پورے جوش و خروش کے ساتھ یوم جمہوریہ منایا گیا اور چھہترویں یوم جمہوریہ پر روایت کے مطابق ہندوستان نے اپنی فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے دار الحکومت نئی دہلی میں یوم جمہوریہ کی تقریب کا آغاز وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں صدر دروپدی مرمو کے ذریعے پرچم کشائی سے ہوا اور پھر پریڈ ہوئی جبکہ اس موقع پر جھانکیوں میں ہندوستان کی بھرپور ثقافتی تنوع، اتحاد، مساوات، ترقی اور فوجی صلاحیتوں کا امتزاج نظر آیا۔ ہندوستان میں یوم جمہوریہ کی تقریب میں انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو مہمان خصوصی تھے۔ حکومت ہندوستان نے قومی اہمیت کی تقریبات میں عوامی شرکت بڑھانے کے مقصد سے اس سال پریڈ دیکھنے کے لئے تقریبا دس ہزار خصوصی مہمانوں کو مدعو کیا تھا جن میں مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد اور حکومتی اسکیموں کا بہترین استعمال کرنے والے لوگ بھی شامل تھے۔