امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس کا چار روزہ دورۂ ہندوستان
ہندوستان پر چھبیس فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی کے بعد امریکہ کے نائب صدر بے ڈی وینس کل ہندوستان پہنچ گئے۔
سحرنیوز/ہندوستان: امریکہ نے ہندوستان سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر چھبیس فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی ہے اسی دوران امریکی نائب صدر نے ہندوستان کا چار روزہ دورہ شروع کر دیا ہے۔ البتہ امریکہ نے تجارتی ٹیرف کو نو اپریل سے نوے دنوں تک کے لئے ملتوی کردیا ہے ۔ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو امید ہے کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ ایک تجارتی معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوجائيں گے۔ اس رپورٹ کے مطابق بعض ممالک منجملہ ہندوستان ، ایشیاء کی بڑی اقتصادی طاقت کی حیثیت سے اس موقع کو ایک تجارتی معاہدے کے لئے استعمال کرنا چاہتا ہے۔ واشنگٹن اور نئي دہلی اس وقت اس طرح کے تجارتی معاہدے کے لئے مذاکرات کر رہے ہيں۔ امریکی نائب صدر کا دورہ ہندوستان ایک ایسے وقت انجام پارہا ہے جب ٹرمپ نے ٹیرف کے معاملے پر بارہا ہندوستان کو نشانہ بنایا تھا۔ اس کے علاوہ ہندوستانی تارکین وطن کو جس تحقیر آمیز طریقے سے امریکا سے ہندوستان واپس بھیجا گیا اس پر ہندوستان کے مختلف حلقوں میں امریکا کے سلسلے میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ دریں اثنا ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی نائب صدر کے دورہ ہندوستان کے نتائج پر اطیمنان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ توقع ہے کہ وینس اور مودی باہمی دلچسپی کے موضوعات اور علاقائی و عالمی حالات پر تبادلہ خیال کریں گے۔