کسانوں کی خودکشی پر مودی حکومت کی بےحسی پر تنقید
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر ریاست مہاراشٹرا کے کسانوں کے مسئلے کو نظرانداز کرنے کا الزام لگایا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی ابلاغیاتی ذرائع کے مطابق کانگریس رہنما اور پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے کسانوں کے مسئلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت پر سخت ترین حملے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کسانوں کے مسائل کو نظرانداز کر رہے ہیں اور انہوں نے ساری توجہ اپنی تشہیر پر مرکوز کررکھی ہے۔ راہل گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پیج پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ سوچیئے کہ صرف تین مہینے میں مہاراشٹرا میں سات سو سڑسٹھ کسانوں نے خود کشی کرلی۔ انہوں نے لکھا ہے کہ اس کا مطلب یہ ہے یہ سات سو سڑسٹھ گھرانے برباد ہوگئے اور حکومت خاموش ہے۔ ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست مہاراشٹرا میں کسانوں کی خودکشی کا مسئلہ ایک بار پھر سنگین ہوگیا ہے جس کی وجہ سے پورے ہندوستان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔