ہندوستان کی سیاست میں آیا زلزلہ، راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن پر لگائے سنگین الزامات
راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر جعل سازی، فرضی ووٹروں کا اندراج اور انتخابی نتائج میں ہیرا پھیری کے ذریعے بی جے پی کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کی پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے جمعرات کو صحافیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اور کروڑوں لوگوں کو شبہ تھا کہ دال میں کچھ نہ کچھ کالا ہے۔ بی جے پی کو اینٹی انکمبسی کا اثر نہیں ہوتا تھا، اوپینین پول، ایگزٹ پول کچھ کہتے، نتائج کچھ اور آتے تھے۔ مدھیہ پردیش، ہریانہ، مہاراشٹر اس کی مثال ہیں۔ ماحول بنایا جاتا کہ اس وجہ سے جیتے، پلوامہ، سندور، لاڈلی بہن۔ پھر الیکشن کمیشن کوریوگراف شیڈول بناتا۔ جب کاغذ سے ووٹ ڈالے جاتے تھے تو ہندوستان ایک دن میں ووٹ کرتا تھا۔ مگر اب الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہے، مہینے لگتے ہیں۔ یوپی کے پانچ مراحل، مہاراشٹر کے کئی مراحل، اس پر بھی کچھ انتخابات کا وقت بھی تبدیل کر دیا جاتا تھا۔

راہل گاندھی نے کہا کہ مہاراشٹر میں پانچ مہینوں میں پانچ سال سے زیادہ ووٹر ووٹر لسٹ میں ہیں۔ لوک سبھا میں ہمارا اتحاد جیت درج کرتا ہے لیکن اسمبلی انتخابات میں دھجیاں اڑ جاتی ہیں، پتہ بھی نہیں لگتا اتحاد کہاں گیا۔ ایک کروڑ نئے ووٹروں نے اسمبلی میں ووٹ دیا۔ الیکشن کمیشن نے بیان دیا کہ ساڑھے پانچ بجے کے بعد بھاری ووٹنگ ہوئی جبکہ ہمارے پولنگ بوتھ کے ورکرز نے بتایا کہ کوئی بھاری ووٹنگ نہیں ہوئی۔ مہاراشٹر سے سب سے پہلے شبہ ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے۔ کوئی ثبوت نہیں تھا، سو ہم نے تحقیقات کا آغاز کیا۔

راہل گاندھی نے مزید کہا کہ، ہم نے پریس کانفرنس کی، مہاراشٹر کے بعد الیکشن کمیشن سے پوچھا کہ ایک کروڑ نئے ووٹ کہاں سے آئے، پریس کانفرنس کی، مضمون تحریر کیا جو مقامی اخبارات میں شائع ہوا اور وہاں یہ معاملہ بہت زیر بحث رہا۔ اس کے بعد ہم نے فیصلہ کیا، یہ اب ثبوت جمع کرتے ہیں۔ ہر قدم پر الیکشن کمیشن نے مدد نہیں کی، الٹا جس چیز کی ضرورت تھی وہ نہیں دی، بہانے بتائے۔ ہم نے ان سے ڈیجیٹل ووٹر رول مانگا، نہیں دیا۔ ایک نہیں کئی مرتبہ دینے سے انکار کر دیا۔ وفد گئے، خط لکھا، کچھ نہیں ہوا۔ ساڑھے پانچ بجے کے بعد بھاری ووٹنگ پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ وہ 15 دن کے بعد ویڈیو ڈیلیٹ کر دیتے ہیں۔ آج 21ویں صدی میں ان لمیٹڈ ڈیٹا ہارڈ ڈرائیو پر رکھ سکتے ہیں، تو وہ ڈیٹا ڈیلیٹ کیوں کرنا چاہتے ہیں؟