Aug ۰۹, ۲۰۲۵ ۰۷:۰۹ Asia/Tehran
  • روس سے تیل کی خریداری روک دینے کا فیصلہ؛ ہندوستان کی سرکاری آئل ریفائنریوں کا اعلان

امریکی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستان کی سرکاری آئل ریفائنریوں نے روس سے تیل کی خریداری روک دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی انڈین آئل کمپنی، بھارت پیٹرولیم اور ہندوستان پیٹرولیم کمپنیاں مرکزی حکومت کی جانب سے شفاف ہدایات موصول ہونے تک روس سے تیل کی خریداری بند کردینا چاہتی ہیں ۔یہ اقدام اس کے بعد عمل میں آیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے روس سے تیل کی خریداری جاری رکھنے کے خلاف تادیبی اقدام کے تحت امریکہ کے لئے ہندوستان کی برآمدات پر ٹیرف دو گنا کر دیا ہے ۔ٹرمپ نے روس سے تیل کی خریداری جاری رکھنے پر ہندوستان کے خلاف ٹیرف پچیس فیصد سے بڑھا کر پچاس فیصد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ اگر ہندوستان نے روسی تیل کی خریداری بند نہ کی تو اس کے خلاف بعض پابندیاں بھی لگائی جاسکتی ہیں۔ 
امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہندوستان روسی تیل کی خریداری سے یوکرین کے خلاف جنگ جاری رکھنے میں روس کی مدد کررہا ہے۔ یاد رہے کہ ہندوستان روسی تیل کا بڑا خریدار ہے اور ہندوستان کی مرکزی حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی جانب سے تمام تر دباؤ اور دھمکیوں کے باوجود اب تک روس سے تیل کی خریداری روک دینے کے فیصلے کا اعلان نہیں کیا ہے.ہندوستانی ذرائع نے اسی کے ساتھ بتایا ہے کہ مختلف امریکی کمپنیوں ہندوستانی برآمدکنندگان سے کہا ہے کہ تا اطلاع ثانوی امریکا کے لئے خاص طور پر ٹیکسٹائل مصنوعات کی کوئی کھیپ نہ بھیجیں۔ جن امریکی کمپنیوں نے ہندوستان سے درآمدات روک دینے کی اطلاع دی ہے ان میں، والمارٹ، امیزن اور گیپ کے نام شامل ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے پوری دنیا کے خلاف ٹیرف کی جنگ تیز کردی ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے دوسرے دور کی صدارت میں دسیوں ملکوں پر ٹیرف بڑھانے کا اقدام کیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے یہ اقدامات برازیل کے خلاف بھی عمل میں لانے کا اعلان کیا ہے اور ٹیرف دس فیصد سے بڑھا کر پچاس فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ٹیگس