Oct ۲۲, ۲۰۲۵ ۱۱:۲۱ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کے فون سے مودی ہوئے خوش، امریکی صدر کے دعوے نے ہندوستانی وزیر اعظم کو پھر ڈالا مشکل میں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیوالی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کر کے تہنیتی پیغام دیا۔ اس گفتگو کے بعد وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی گئی اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’صدر ٹرمپ، آپ کے فون کال اور دیوالی کی نیک تمناؤں کے لیے شکریہ۔ روشنی کے اس تہوار پر ہماری دونوں عظیم جمہوریتیں دنیا کو امید کی کرن فراہم کرتی رہیں اور دہشت گردی کے تمام مظاہر کے خلاف متحد کھڑی رہیں۔‘‘

ٹرمپ نے اس سے قبل وہائٹ ہاؤس میں ایک خصوصی دیوالی تقریب کی میزبانی کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی مودی سے فون پر بات ہوئی ہے۔ ٹرمپ کے مطابق، ’’میں نے آج ہی آپ کے وزیر اعظم سے بات کی۔ ہماری بہت اچھی گفتگو ہوئی۔ ہم نے تجارت سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا۔‘‘

تاہم ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس گفتگو کے دوران وزیر اعظم مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ ہندوستان روس سے مزید تیل نہیں خریدے گا۔ ٹرمپ نے کہا، ’’ہمارے درمیان بہت اچھے تعلقات ہیں اور وہ اب روس سے زیادہ تیل نہیں خریدیں گے۔ انہوں نے پہلے ہی خرید میں کمی کر دی ہے اور وہ اس میں مزید کمی لانے پر راضی ہیں۔‘‘

خیال رہے کہ ہندوستان نے بارہا یہ واضح کیا ہے کہ اس کی توانائی پالیسی قومی مفاد پر مبنی ہے اور کسی بیرونی دباؤ سے متاثر نہیں ہوگی۔ وزارت خارجہ نے ماضی میں بھی کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی اور امریکی صدر کے درمیان ہونے والی بات چیت میں روسی تیل کے معاملے پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی ہندوستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے ایک باضابطہ وضاحت سامنے آ سکتی ہے تاکہ واضح کیا جا سکے کہ فون کال کے دوران روسی تیل کی خرید پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

ٹیگس