ہندوستان: آندھراپردیش کے ضلع کرنول میں بس میں خوفناک آتش زدگی، 20 افراد ہلاک
اطلاعات کے مطابق ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں آج علی الصباح حیدرآباد سے بنگلور جانے والی ایک بس میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ریاست آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں یہ حادثہ، علی الصباح جمعہ کو، اس وقت رونما ہوا جب ایک پرائیویٹ بس حیدرآباد سے بنگلور جارہی تھی کہ راستے میں ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاعات کے مطابق مسافر گہری نیند میں تھے اور ان کے بیدار ہونے سے پہلے ہی آّگ پوری بس میں پھیل گئی۔
علاقے کے ڈی آئی جی کویا پروین کے مطابق بس میں 2 بچوں سمیت کل 41 مسافر تھے، اب تک 11 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ یہ بس حیدرآباد سے جمعرات کی رات 10.30 بجے بنگلور کے لئے نکلی تھی۔ عینی شاہدوں نے بتایا کہ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ بیشتر مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا۔
ڈی آئی جی کویا پروین نے بتایا کہ 19 افراد جان بچانے میں کامیاب ہوگئے جن میں سے کئی زخمی ہیں اور ان کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زیادہ تر مسافروں کا تعلق حیدرآباد سے بتایا جاتا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں بھی جائے وقوعہ پر پہنچیں اور کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا تاہم تب تک بس مکمل طور پر جل چکی تھی۔
آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ چندر بابو نائیڈو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے ذریعہ اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چِنّا ٹیکور علاقے میں بس حادثے کی خبر سن کر دل انتہائی غمگین ہے۔ جن لوگوں نے اپنے عزیزوں کو کھویا ہے ان کے ساتھ میری پوری ہمدردی ہے۔ حکومت زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔