ہندوستان: اب دارالحکومت "دہلی" کا نام بدلنے کا مطالبہ
اطلاعات کے مطابق بی جے پی کے سینیئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر وجے گوئل نے دارالحکومت "دہلی" کا نام بدلنے کا مطالبہ کیا ہے البتہ یہ مطالبہ انگریزی نام میں تبدیلی سے متعلق ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے ذرائع ابلاغ کے مطابق بی جے پی کے سینیئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر وجے گوئل نے دہلی کی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا کو ایک خط لکھ کر قومی دارالحکومت دہلی کا انگریزی نام "ڈیلی(Delhi)" بدل کر "دِلّی" کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے اپنے خط میں کہا ہے کہ "دِلّی" کا اصل نام سنسکرت کے لفظ "دھلّیکا "(Dhillika) سے نکلا ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ "دِلّی" بن گیا۔
وجے گوئل کے مطابق انگریزی نام "ڈیلی" دراصل برطانوی دورِ حکومت کا اثر ہے جو اس شہر کے اصل تلفظ اور ثقافتی شناخت سے مطابقت نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگ صدیوں سے "دِلّی" ہی بولتے آئے ہیں اور شاعری، لوک گیتوں اور ادب میں بھی یہی نام استعمال ہوتا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ممبئی، کولکاتہ اور چنئی کی طرح نام بدلنے میں اب کوئی بڑی اقتصادی یا تکنیکی رکاوٹ نہیں ہے، ڈیجیٹل دور میں یہ کام آسان ہے۔