Nov ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۲:۲۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں دو دن میں دوسرا ٹرین حادثہ، ٹرین کی زد میں آکر 6 خواتین ہلاک

ہندوستان کی ریاست اترپردیش میں بدھ کی صبح ایک درد ناک ٹرین حادثے میں 6 خواتین ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئیں۔

 سحرنیوز/ہندوستان: اتر پردیش کے ضلع مرزا پور کے چنار ریلوے اسٹیشن پر بدھ کی صبح ایک درد ناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 6 خواتین تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئیں۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ لاشوں کے چیتھڑے اڑ گئے اور لوگ وحشت زدہ ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچھ مسافر ایک ٹرین سے اتر کر دوسرے پلیٹ فارم پر جانے کے لئے ریلوے ٹریک عبور کر رہے تھے۔ اسی دوران تیز رفتار کالکا میل ٹرین وہاں سے گزری اور کئی افراد اس کی زد میں آ گئے۔

حادثے کے فوراً بعد ریلوے پولیس (آر پی ایف) اور جی آر پی کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ پلیٹ فارم اور پٹریوں پر بکھری لاشوں کے ٹکڑوں کو بڑی مشکل سے جمع کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد اسٹیشن پر کچھ وقت کے لئےٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر رہی۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد اتر پردیش کے مختلف اضلاع سے گنگا اِسنان ( گنگا ندی میں غسل انجام دینے کی ایک ہندو رسم) کے لئےآئے تھے۔ وہ صبح کی ٹرین سے چنار اسٹیشن پہنچے اور وہاں سے دوسری ٹرین سے واپسی کا ارادہ رکھتے تھے۔ پولیس نے لاشوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے اور حادثے کی تحقیقات کے لئے ریلوے افسران کی ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں پیش آنے والا یہ دو دن میں لگاتار دوسرا واقعہ ہے۔ منگل کو بھی ایک ٹرین حادثہ ہوا تھا جس میں 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ یہ حادثہ ریاست چھتیس گڑھ کے بلاس پور علاقے میں ہوا تھا۔

 

ٹیگس