ہندوستان: نتیش کمارنے 10ویں بار بہار کے وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھال لیا
اطلاعات کے مطابق بہار کے صدر مقام پٹتہ میں آج جے ڈی یو لیڈر نتیش کمار نے 10ویں باربہار کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لے لیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق جمعرات کو بہار کے صدر مقام پٹنہ کے گاندھی میدان میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی۔ نتیش کمار کے بعد، سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا نے نائب وزرائے اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا۔
حلف برداری تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شریک تھے۔ ان کے ساتھ ساتھ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سمیت این ڈی اے کے سینیئر لیڈران حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے ۔
نتیش کمار پہلی بار سنہ 2000 میں بہار کے وزیراعلیٰ بنے تھے۔ اس کے بعد فروری 2015 میں جیتن رام مانجھی کے استعفے کے بعد نتیش کمار پھر وزیر اعلیٰ بنے۔ نومبر 2015 کے انتخابات میں نتیش کمار عظیم اتحاد یا مہا گٹھ بندھن حکومت کے وزیر اعلیٰ بنے۔ اتحاد ٹوٹنے کے بعد، نتیش کمار نے 2017 میں دوبارہ این ڈی اے حکومت میں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ 2020 میں وہ 7 ویں بار وزیراعلیٰ بنے۔ 2022 میں، این ڈی اے سے الگ ہونے کے بعد، آر جے ڈی کانگریس کے ساتھ عظیم اتحاد کی حکومت میں ایک بار پھر انہوں نے وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالا۔ 2024 میں نتیش کمار دوبارہ این ڈی اے میں شامل ہوئے اور9 ویں بار بہار کے وزیراعلیٰ بنے۔
اب 2025 میں 10ویں بار نتیش کمار نے بہار ریاست کے وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھالا ہے جو ایک ریکارڈ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات 2025 میں حکمراں جمہوری اتحاد این ڈی اے نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 202 سیٹیں جیتی ہیں۔ این ڈی اے میں بی جے پی نے89 سیٹیں حاصل کیں۔ نتیش کمار کی جے ڈی یو 85 سیٹیں جیت کردوسرے نمبر پر رہی۔ چراغ پاسوان کی لوک جن شکتی پارٹی (آر) نے 19 سیٹیں جیتیں۔ 5 سیٹیں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے حاصل کی ہیں۔ بہار اسمبلی میں 243 نشستیں ہیں۔