ہندوستان: طیارہ حادثے میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی موت، ریاست میں تین دن کا سوگ
ہندوستان کی ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت کے بعد ریاست میں تین دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان کی عمر 66 سال تھی۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق بارامتی میں ایک المناک طیارہ حادثے میں ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی موت ہوگئی۔ ان کی موت پر ریاست میں 3 روزہ سوگ کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔ اس حادثے میں چار دیگر افراد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
اجیت پوار کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ’’میں صدمے میں ہوں۔ ہم سب ان کے اہل خانہ اور پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اہل خانہ کے بارامتی پہنچنے کے بعد ہم آگے کی کارروائی پر تبادلہ خیال اور فیصلہ کریں گے۔ ہم نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو بھی واقعہ کی اطلاع دے دی ہے۔ ہم سب صدمے میں ہیں۔‘‘
دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ’’مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی ایک طیارے حادثے میں موت ہو گئی ہے۔ ریاست میں دکھ کا ماحول ہے۔ ذاتی زندگی میں وہ ایک اچھے دوست تھے۔ ہم نے مل کر کئی چیلنجوں کا سامنا کیا۔ جس وقت وہ مہاراشٹر کی ترقی میں اپنا تعاون دے رہے تھے، اس وقت اچانک ان کی موت ایک بڑا نقصان ہے۔‘‘
واضح رہے کہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار بدھ کو بارامتی تعلقہ میں ضلع پریشد اور پنچایت کمیٹی کے عام انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف جلسوں سے خطاب کرنے جا رہے تھے۔ اسی دوران صبح پونے نو بجے ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا اور ان کی جائے وقوعہ پر ہی موت ہو گئی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
ان کا پروگرام صبح 10 بجے نیراواگج سے شروع ہونا تھا، جس کے بعد دوپہر 12 بجے پنڈھرے میں جلسہ کرنا تھا۔ دوپہر3 بجے کرنجے پل میں عوامی جلسے سے خطاب کے بعد ان کا آخری پروگرام شام 5:30 بجے سوپا میں ہونا تھا۔