ہندوستان کی جنوبی ریاست کیرلم میں بھیانک حادثہ، 8 طلبہ کی دردناک موت
ریاست کیرلم (کیرالا) کے ضلع تریشور میں ہونے والے ایک سڑک حادثے میں 8 طلبہ کی دردناک موت ہوگئی۔ طلبہ کا تعلق ریاست تمل ناڈو سے تھا۔
سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی جنوبی ریاست کیرلم (کیرالا) کے ضلع تریشور میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات ایک درد ناک سڑک حادثہ رونما ہوا، جس میں ایک کار لاری سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق کار نے کھڑی ہوئی لاری میں ٹکر ماری۔
رپورٹ کے مطابق ہلاک شدگان تمل ناڈو کے طلبہ بتائے جا رہے ہیں۔ یہ حادثہ آدھی کو پنامبیکُنّو سینٹر کے قریب پیش آیا۔ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ کار کے پرخچے اڑ گئے اور اس کے حصے ٹوٹ کر چاروں طرف بکھر گئے جبکہ کار کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ کار میں سوار طلبہ کو باہر نکالنے کے لیے گاڑی کو کاٹ کر کھولنا پڑا۔
ابتدائی اطلاع کے مطابق کار میں سوار افراد تمل ناڈو کے ڈنڈی گل کے ایک انجینئرنگ کالج کے طلبہ تھے۔ کیرلم پولیس کے مطابق فی الحال مزید معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کار میں سوار 2 طلبہ کو بچانے کے لیے فائر فائٹرز نے گاڑی کو کاٹ کر انہیں باہر نکالا۔ گاڑی میں سوار 7 طلبہ کی موت موقع پر ہی ہو گئی تھی جبکہ ایک طالب علم کی موت اسپتال میں ہوئی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel