Nov ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۰:۳۰ Asia/Tehran
  • اسرائیل جنگ شروع کرنا چاہے کر دے، ختم ہم کریں گے: ایرانی جنرل

ایران کے جنرل نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ڈرون طیارے دشمن کی آنکھ کا کانٹا بن گئے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرواسپیس ڈویژن کے کمانڈر جنرل امیر علی حاجی زادہ  نے شہید طہرانی مقدم کی شہادت کی برسی کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی ڈرون دشمن کی آنکھ کا کانٹا بن گئے ہیں اور دشمنوں نے برسوں تک ایرانی اسلحہ پر پابندیاں عائد کرنے کی کوشش کی جس میں وہ بری طرح ناکام ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن جو ہمارے میزائلوں کے بارے میں مذاکرات کرنے کی بات کر رہے ہیں یا جو اسلامی جمہوریہ ایران کے ڈرون طیارے اس کی آنکھ کا کانٹا بن گئے ہیں وہ یہ سب کچھ محدود کرنے کیلئے ہے جس سے ہماری طاقت و توانائی کا پتہ چلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے برسوں سے ہم پراسلحہ جاتی پابندیاں عائد کیں لیکن ان  کی کوششیں لاحاصل رہیں۔

جنرل حاجی زادہ نے دشمنوں کی جانب سے تمام آپشن میز پر ہونے کی دھمکی دہرائے  جانے کے بارے میں کہا کہ اس وقت دنیا میں موجود تمام حکومتوں میں سے صرف خود ساختہ صیہونی حکومت ہی ہے جو اپنی بقاء، اپنے وجود اور اپنی زندگی جاری رکھنے کی بات کرتی ہے اور اس کو لے کر فکرمند ہے، لہذا ایسی حکومت جو اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہو اسے نابود ہونا ہی ہے اور ایسی حکومت کسی دوسرے ملک کے بارے میں بات نہیں کر سکتی اور اس وقت وہ جو دھمکیاں دے رہی ہے وہ زیادہ تر اندرونی مشکلات پر قابو پانے کے لئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے میزائل اور ڈرون کی تیاری میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کرلی ہیں جو صیہونی حکومت اور اس کے مغربی آقاؤں کے لئے پریشانی اور تشویش کا باعث ہے، ایران نے ہمیشہ کہا ہے کہ وہ اپنی دفاعی طاقت پر کسی سے کوئی بات نہیں کرے گا اور ہمارا میزائلی پروگرام دفاعی مقاصد  کے لئے ہے-

ایرانی جنرل نے کہا کہ صیہونی حکام جانتے ہیں کہ وہ  جنگ تو شروع کرسکتے ہیں لیکن ختم ہم ہی کریں گے اور کسی جنگ کا آغاز صیہونی حکومت کی تباہی کے مترادف ہے اور اگر اس نے ہمیں یہ موقع دیا تو یہ صیہونیوں کی آخری حکومت ہوگی اور یقینا ان کی تباہی کی تاریخ مزید نزدیک آ جائے گی بہت جلد ہی اسکی بساط لپیٹ دی جائے گی۔

ٹیگس