Nov ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۷:۰۶ Asia/Tehran
  • علمی راہ حل سے ملک کی تمام مشکلات کو حل کیا جاسکتا ہے: رہبرانقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ملک کی تمام مشکلات کے لئے علمی راہ حل تلاش کی جا سکتی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کے ممتاز دانشوروں، اساتذہ اور غیر معمولی ذہانت کے حامل نوجوان طلبا و طالبات سے ملاقات میں فرمایا ہے کہ ہمارا ملک ذہنی استعداد و صلاحیت کے لحاظ سے دنیا کی متوسط سطح سے بالاتر ہے اور یہ محض کوئی دعوی نہیں ہے بلکہ یہ چیز ثابت شدہ ہے۔

آپ نے فرمایا کہ درحقیقت ہمارا ملک اور ہمارے عوام ذہنی استعداد کے لحاظ سے غیر معمولی ذہانت کے مالک ہیں اسی لئے سامراجی طاقتیں ایک عرصے سے ہم پر سافٹ وار مسلط کئے ہوئے ہیں۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ گزشتہ دو سو برسوں سے سامراج اور ایران کے اس وقت کے حکام ایک آواز ہو کر یہ پروپیگنڈہ کرتے تھے کہ ایرانی عوام میں استعداد و صلاحیت نہیں پائی جاتی لیکن اسلامی انقلاب کی کامیابی نے اس جھوٹے پروپیگنڈے پر خط بطلان کھینچ دیا۔

رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایاکہ سامراجی طاقتوں کی نرم جنگ یا سافٹ وار کا ایک طریقہ جو ہمیشہ رہا ہے اور آج بھی جاری ہے اور ماضی میں کچھ زیادہ ہی تھا، وہ یہ ہے کہ ہماری قوم اور اسی طرح دیگر قوموں کو جو کہ غیرمعمولی ذہانت کی مالک ہیں، ان کی توانائیوں سے غافل کریں اور ان کو اس طرح بنادیں کہ وہ خود اپنی توانائیوں کا ہی انکار کرنے لگیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اگر کسی قوم میں یہ سوچ پیدا ہوجائے کہ اس کے اندر صلاحیت نہیں پائی جاتی تو اس کو لوٹنا اور تباہ و برباد کرنا آساں ہو جاتا ہے۔

ٹیگس