Mar ۱۴, ۲۰۲۲ ۰۸:۴۰ Asia/Tehran
  • اربیل میں صیہونی ٹھکانوں پر سپاہ پاسداران کا حملہ استقامتی محاذ کی بالادستی کا ثبوت

عالم اسلام کی مختلف استقامتی تنظیموں نے ہفتے کی شب عراقی کردستان میں صیہونی ٹولے اسرائیل کے اڈوں پر سپاہ پاسداران کی میزائل بارانی کو استقامتی محاذ کی بالادستی کی علامت قرار دیا ہے۔

عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے اسرائیل کی خفیہ ایجنسی کے ٹھکانوں پر سپاہ پاسداران کے کامیاب میزائل حملے کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ مناسب موقع پر غاصب صیہونی حکومت پر کاری ضرب لگا کر جدت عمل کو اپنے ہاتھ میں لینے کی بھرپور توانائی رکھتا ہے۔

مذکورہ فلسطینی تنظیم کے شعبہ اطلاع رسانی کے سربراہ داؤد شہاب نے کہا کہ سپاہ پاسداران کا یہ حملہ صیہونی اقدامات کو لگام دینے میں اہم کردار رکھتا ہے۔

عراق کی النجبا استقامتی تنظیم کے سربراہ اکرم الکعبی نے بھی موساد کے اڈوں پر سپاہ پاسداران کے تباہ کن حملے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں اسرائیلوں کا ایک اڈہ نشانہ بنا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ بارزانی خاندان عراقی عوام کے دشمنوں کو اپنے یہاں پناہ دئے ہوئے ہے اور اس کا مقصد عراق کی تقسیم اور اسے کمزور بنانا ہے۔

مزید دیکھیئے:

اربیل میں امریکی و اسرائیلی ٹھکانوں پر حملہ، سپاہ پاسداران نے کیا

امریکی و اسرائیلی ٹھکانوں پر میزائلوں کی برسات + ویڈیو

اربیل میں موساد کے ٹھکانے پر کتنے امریکی تھے موجود، کتنا ہوا نقصان ؟

عراق کے ایک اور عالم دین شیخ جواد الخالصی نے بھی شمالی عراق میں اسرائیلی جاسوسوں کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت نے عراقی کردستان کو تہران و بغداد کے خلاف سازشوں کے ایک اڈے میں تبدیل کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب عراقی کردستان کے علاقے اربیل میں سپاہ پاسداران نے امریکی و اسرائیلی اڈوں پر میزائلوں کی بارش کر دی تھی جس میں کم از کم نو صیہونیوں کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ سپاہ نے اپنے اس اقدام کو صیہونی حکومت کی اُس دہشتگردی کا جواب قرار دیا تھا جس میں گزشتہ ہفتے ایران کے دو فوجی مشیر شام میں شہید ہو گئے تھے۔

ٹیگس