عراقی کردستان میں سپاہ پاسداران کی ایک بار پھر کاروائی+ ویڈیو
اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران فورس نے ایک بار پھر عراق کے نیم خودمختار علاقے کردستان کے مرکز اربیل میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ عراقی کردستان ایران کی مغربی سرحد سے ملتا ہے۔
سپاہ نیوز کے مطابق، سپاہ پاسداران کی بری اکائی نے بدھ کی صبح کاروائی کی۔ اس کاروائی کی زیادہ تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں تاہم ایران کی تسنیم نیوز نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ اربیل میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو توپخانے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
سپاہ پاسداران فورس (آئی آر جی سی) نے اس سے پہلے خبر دی تھی کہ بری اکائی نے دہشتگردوں کی ایک ٹیم کے پانچ عناصر کو گرفتار کیا ہے جو ایران کی سرزمین پر تخریبی کاروائی کا ارادہ رکھتے تھے۔ ان عناصر کو ایرانی کردستان علاقے کے بانہ شہر سے گرفتار کیا گیا۔
ان دہشتگردوں کے اعتراف کی بنیاد پر آئی آر جی سی نے بدھ کی صبح اربیل میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
ایران اب تک متعدد بار عراق کے کردستان علاقے کو انتباہ دے چکا ہے کہ وہ اپنی مغربی سرحدوں پر دہشتگردوں کی موجودگی اور انکی کسی بھی طرح کی سرگرمی کو برداشت نہیں کرے گا۔
مارچ میں سپاہ پاسداران نے اربیل میں ماصف صلاح الدین سڑک پر موساد کے خفیہ ٹھکانے پر ایک درجن بیلسٹک میزائل مارے تھے، جس میں اسرائیل کے کئی خفیہ افسر ہلاک ہو گئے تھے۔