May ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۷:۳۶ Asia/Tehran
  • طبی شعبے میں ایران اور ہندوستان کے درمیان تعاون

ایران اور ہندوستان کے وزرائے صحت نے بعض دواؤں کی تیاری اور دواؤں کے خام مواد کی فراہمی میں تہران اور نئی دہلی کے درمیان تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان اس شعبے میں تعاون و معاملات بڑھائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کے وزیر صحت بہرام عین اللہی نے جنیوا میں صحت کے پچہتر ویں عالمی فورم کے موقع پر ہندوستان کے وزیر صحت من سکھ منڈاویہ سے ملاقات میں کہا کہ ایران میڈیکل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ہندوستان کے ساتھ تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے۔

انہوں نے ایران اور ہندوستان کے وسیع تعلقات کے ایک ذریعے کی حیثیت سے روایتی ادویات میں تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارۂ صحت کے تعاون سے ہندوستان میں روایتی ادویات کے عالمی مرکز کا افتتاح دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کا مناسب ذریعہ بن سکتا ہے۔

اس ملاقات میں ہندوستان کے وزیر صحت نے بھی ایران اور ہندوستان کے درمیان تعلقات کی سطح کو قابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی یونیورسٹیوں میں رابطے بڑھانے کا خاصا عزم پایا جاتا ہے اور یہ عزم دونوں ممالک میں سائنسی تعاون اور تعلقات کی مزید تقویت کا باعث بن سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے وزیر صحت عالمی ادارہ صحت کے پچھترویں اجلاس میں شرکت کے لئے اتوار کی رات جنیوا پہنچے ہیں۔ ظالمانہ اور غیر قانونی پابندیوں کے باوجود ایران نے مختلف شعبوں منجملہ طبی اور سائنس و ٹینالوجی کے شعبوں میں نمایاں ترقی ہے اور اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ٹیگس