صیہونی اشتعال انگیزی اور قبلۂ اول کی بے حرمتی پر عالمی ردعمل
بیت المقدس اور مسجد الاقصیٰ پر صیہونی آبادکاروں کے دھاوے اور وہاں انکی اشتعال انگیزی پر عالمی رد عمل سامنے آیا ہے۔
سحر نیوز/تہران: عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل ابوالغیظ نے مسجد الاقصیٰ پر مکمل سکیورٹی حصار میں گھرے صیہونی آبادکاروں کے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ عرب لیگ کے بیان میں آیا ہے کہ صیہونیوں کا یہ اقدام فلسطین کی موجودہ صورتحال سے متعلق قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور ساتھ ہی اس سے عرب اور اسلامی امت کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے اور اس قسم کے اقدامات سے بیت المقدس اور دیگر مقبوضہ علاقوں میں کشیدگی مزید بڑھ جائے گی۔
مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری نے بھی صیہونیوں کے فلیگ مارچ اور اسکی آڑ میں مسجد الاقصیٰ پر غاصب صیہونیوں کا دھاوا اور اسکی ہتک حرمت پر رد عمل ظاہر کیا۔ انہوں نے فلسطینی تنظیم فتح کے نمائندوں سے ملاقات میں بیت المقدس پر صیہونیوں کی مسلسل دست درازی اور جارحیت پر سخت خبردار کیا اور صیہونیوں کے اشتعال انگیز اقدامات پر سخت خبردار کرتے پوئے کہا کہ صیہونی بستیوں کی تعمیر اور فلسطینیوں کی زمین ہڑپ کر انہیں بے گھر کر کے نقل مکانی کرنے پر مجبور کرنے سے مسئلہ فلسطین کے ایک پر امن راہ حل میں رکاوٹیں کھڑی ہو رہی ہیں۔
قطر کے وزیر خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کر کے قبلہ اول بیت المقدس پر صیہونی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے بھی اتوار کو ہوئی مسجد الاقصیٰ کی ہتک حرمت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس پورا کا پورا اُس فلسطین کا ابدی و ازلی دارالحکومت ہے جس کی سرحدیں بحر سے نہر تک ہیں۔
لبنان میں بھی عوام نے فلسطینی عوام کے ساتھ ہمقدم ہو کر اتوار کے روز بیت المقدس اور قبلہ اول کے تحفظ کی خاطر مظاہرہ کیا اور بیت المقدس میں باوردی صیہونی دہشتگردوں کے حلقے میں گھرے غاصب آبادکاروں کے اشتعال انگیز اور جارحانہ اقدامات کی مذمت کی۔
انصار اللہِ یمن نے بھی اتوار کے روز انجام پانے والے صیہونی فلیگ مارچ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کو اپنے طاقتور ہونے کا وہم ہو گیا ہے مگر وہ اس بات پر قادر نہیں کہ وہ بیت المقدس کو اپنی حکومت کا دارالحکومت بنا لے۔
اسکے علاوہ غزہ سمیت فلسطین کے مختلف علاقوں میں عوام نے فلسطینی پرچم کے ساتھ اجتماعات اور پر جوش مظاہرے کر کے قبلہ اول بیت المقدس کے خلاف صیہونی سازشیوں اور شیطنتوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسکے ہولناک نتائج کی بابت خبردار کیا۔
خیال رہے کہ اتوار کے روز ہزاروں غاصب صیہونی آبادکاروں نے بیت المقدس کے قدیمی علاقے باب العامود پر فلیگ مارچ کیا جس کے باعث فلسطینی جوانوں کے ساتھ انکی شدید جھڑپیں بھی ہوئیں۔ اسکے علاوہ ایک ہزار سے زائد صیہونی آبادکار اپنا مخصوص ڈانس کرتے ہوئے مسجد الاقصیٰ کے صحن میں در آئے اور اشتعال انگیز اقدامات کر کے مسجد کی بے حرمتی کی۔