ایران کی انتقامی وارننگ نے صیہونیوں کو ہلا کر رکھ دیا
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف کی جانب سے شہید صیاد خدائی کے خون کا بدلہ لینے کے انتباہ کے بعد صیہونی گھبرا گئے اور صیہونی آبادکاروں کو ترکی کا سفر کرنے کی بابت خبردار کیا گیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، شہید حسن صیاد خدائی کے قتل میں صیہونیوں کے ملوث ہونے کے اعتراف کے بعد، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل حسین سلامی نے خبردار کیا ہے کہ صیہونیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے شہداء کے بہت بلند مرتبے اور بہت اعلیٰ مقام ہیں کیونکہ انہیں بدترین افراد نے شہید کیا ہے اور انشاء اللہ ہم دشمنوں سے ان کا بدلہ لیں گے۔
ٹائمز آف اسرائیل نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت کی داخلی سلامتی کونسل نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے کہ تہران میں پاسداران انقلاب کے ایک سینئر کمانڈر کے قتل کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران اسرائیلی شہریوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کی داخلی سلامتی کونسل نے آج پیر کو ترکی کے لیے ایک تازہ ترین سفری انتباہ جاری کیا ہے جس میں گزشتہ ہفتے پاسداران انقلاب کے ایک اعلیٰ افسر کے قتل پر ایران کے ردعمل پر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
صیہونی حکومت کی داخلی سلامتی کونسل کے ایک بیان میں صیہونیوں کے ترکی کے دورے پر خبردار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ایران، اسرائیل کے اہداف کو نقصان پہنچانے کے لیے دنیا بھر میں موجود ہے۔
صیہونی حکومت کی داخلی سلامتی کونسل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اس نے ترکی کے لیے اپنے سفری انتباہ کو تیز کر دیا ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ ملک اور ایران سے متصل دوسرے ممالک ان دنوں اسرائیلیوں کے لیے بہت زیادہ خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
صیہونی سیکورٹی حکام نے دعوی کیا ہے کہ یہ انتباہات، ترکی میں "اسرائیلیوں کے لئے حقیقی خطرے کے بعد جاری کئے گئے ہیں لیکن اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں دی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی شہریوں کو ان ممالک میں سے کسی ایک کا سفر کرتے وقت چوکس رہنا چاہیے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے۔