Jun ۰۳, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۸ Asia/Tehran
  • ایران نے خلیج فارس تعاون کونسل کے بیان کو مسترد کر دیا

خلیج فارس تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے اختتامی بیان میں عائد شدہ الزامات کو ایران نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔

سحر نیوز/ایران: تسنیم نیوز کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے خلیج فارس تعاون تنظیم پی جی سی سی کے اختتامی بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے تکراری اور تخریبی بیان سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ تنظیم کے بعض رکن ممالک ایران کے سلسلے میں سخت اسٹریٹیجک غلطی کا شکار ہو رہے ہیں۔

خطیب زادہ نے کہا اس قسم کے گھسے پٹے بیانات در حقیقت نیک یمسایگی کے اصولوں کے منافی ہیں اور اس کا علاقے میں کشیدگی بڑھنے کے سوا اور کوئی نتیجہ نہیں نکلتا اور اس قسم کے اقدامات کا مقصد علاقائی سطح پر اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتی اور دوستانہ تعلقات اور سرگرمیوں کو متاثر کرنا ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے پی جی سی سی کے اختتامی بیان میں ذکر شدہ ایران کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کے سلسلے میں الزام تراشی پر کہا کہ یہ کونسل اس پوزیشن میں نہیں کہ وہ ایران کے ان پروگراموں کے بارے میں کچھ اظہار خیال کرے کیوں کہ خود اسی کونسل کے رکن ممالک اس وقت دنیا میں امریکی اور مغربی ہتھیاروں کے سب سے بڑے گوداموں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ علاقائی اور ہمسایہ ممالک کے نیک اور دوستانہ تعلقات اور تعاون کی اسٹریٹیجک پالیسی پر گامزن رہا ہے اور وہ علاقائی مسائل کو آپسی تعاون سے حل کرنے کے موقف پر قائم ہے۔

 

ٹیگس