حماقت کی صورت میں تل ابیب اور حیفا کو خاک کا ڈھیر بنا دیں گے: ایرانی کمانڈر
اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے کمانڈر نے اعلان کیا ہے کہ اگر صیہونی دشمن نے کوئی حماقت کی تو رہبر انقلاب کے حکم سے تل ابیب اور حیفا کو خاک کے ڈھیر میں تبدیل کردیں گے۔
سحر نیوز/ایران: ایران کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈئر جنرل کیومرث حیدری نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ یہ سارے ہتھیار اور فوجی ساز و سامان اسلامی انقلاب کے دشمنوں کی احمقانہ جارحیتوں کا جواب دینے کے لئے ہیں۔
انہوں نے فوج کی ڈرون سٹی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے فرمان سے دشمن کی کسی بھی حماقت کی صورت میں تل ابیب اور حیفا کو مٹی کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ بری فوج کے کمانڈر نے کہا کہ صیہونی حکومت نے مسلم علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے لیکن پچیس سال کے اندر یہ علاقے اسلام کی آغوش میں واپس آجائیں گے۔
بریگیڈیئر جنرل حیدری نے کہا کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران کی فوجی و دفاعی کامیابیاں دشمنوں کی آنکھ کا کانٹا بن گئی ہیں۔
بری فوج کے کمانڈر نے کہا کہ ہم اپنے ہلکے ہتھیار بھی تبدیل کر رہے ہیں انہیں اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور ان کی مقامی سطح پر پروڈکشن ہو رہی ہے۔