ایران مخالف قرارداد اسرائیل کی شہ پر پیش کی گئی ہے، تہران
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے آئی اے ای اے میں پیش کی جانے والی مجوزہ قرارداد کو زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی کا تسلسل قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ہندوستان: امریکہ اور تین یورپی ملکوں، جرمنی، برطانیہ اور فرانس نے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں ایران کے خلاف مشترکہ قرارداد جمع کرائی ہے۔ اس قرار داد میں دعوی کیا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے عدم تعاون کے باعث سیف گارڈ سے متعلق مسائل اور اختلافات حل نہیں ہو سکے ہیں اور تہران کو اس حوالے سے آئی اے ای اے کی تجاویز کو فورا قبول کر لینا چاہیے۔
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے تین یورپی ملکوں کی مجوزہ قرار داد پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے الزامات پچھلے بیس برس سے ایران پر لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے دعوؤں کا معاملہ پی ایم ڈی کے تحت ختم ہوچکا ہے اور مغربی ملکوں کو ایران کے خلاف پابندیاں ختم کرنا تھیں جو انہوں نے تاحال نہیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی کا حصہ اور اس کے پیچھے صیہونی حکومت کا ہاتھ ہے۔