دشمن کو ماضی کی طرح ناکامی کا منھ دیکھنا پڑے گا: سپاہ پاسداران
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ فدا کاری کے جذبے سے سرشار ہو کر عوام کی خدمت کی بدولت دشمن میں یہ جرائت پیدا نہیں ہوتی کہ وہ ایران کی جانب بری نگاہ سے دیکھے۔
ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈرمیجر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ دشمن ایران میں انتشار پھیلانے اور شہریوں کے جذبات کو بھڑکانے کی کوشش کر رہا ہے مگر اسے ماضی کی طرح ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا، اس لئے کہ ہم عوام کی خدمت کے لیے پرعزم ہیں، قربانی اور لگن کے جذبے پر کاربند ہیں اور دشمن کو ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
میجر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ دنیا آج خوشحالی اور بصیرت سے بھرپور ایک ٹھوس مرکز کی موجودگی کا مشاہدہ کر رہی ہے، جو کفر اور ناانصافی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک پائیدار اسٹریٹجک نقطہ نظر پر کاربند ہے، دشمن کو یہ احساس ہو گیا ہے کہ اس کی بار بار شکست بالخصوص اسلامی ممالک کے اندر اسی خطے سے ہو رہی ہیں۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران کو ملک میں امن و استحکام کا مرکز قرار دیتے ہوئے ملک میں سیکورٹی کے امور سے وابستہ تمام اداروں اور حکام سے کہا کہ وہ شہریوں کی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے کوششیں مزید تیز کریں اور رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات پر عمل کریں، اس لئے کہ ایرانی عوام جانتے ہیں کہ رہبر انقلاب اس معاشرے کے لیے خوشی، خوشحالی، سلامتی، آزادی اور وقار چاہتے ہیں۔