Jul ۰۱, ۲۰۲۲ ۲۳:۲۷ Asia/Tehran
  • بن سلمان ایران کے خلاف سیکورٹی کی ضمانت کا مطالبہ کر سکتے ہیں!

ایک امریکی آوٹ لیٹ نے انکشاف کیا ہے کہ بن سلمان ایران کے خلاف امریکہ سے سیکورٹی کی ضمانت کے خواہشمند ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: عالمی ذرائع کے مطابق ایک امریکی میڈیا آؤٹ لیٹ نے لکھا ہے کہ سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان امریکی صدر سے ملاقات میں ایران کے حوالے سے سیکورٹی ضمانتوں کا مطالبہ کریں گے۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، ایک امریکی اخبار نے اُن امور کے بارے میں خبر دی ہے کہ جو ممکنہ طور پر سعودی عرب کے ولیعہد "محمد بن سلمان" اور امریکہ کے صدر "جو بائیڈن" کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اٹھائے جائیں گے۔

نیوز ویک نے سابق سعودی اور امریکی حکام اور ماہرین کے حوالے سے بتایا ہے کہ بن سلمان ممکنہ طور پر ایران اور اس کی اتحادی تنظیم انصار اللہ کے حوالے سے سکیورٹی کی ضمانتوں کی درخواست کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب امریکہ کے ساتھ ایک ایسا معاہدہ بھی چاہتا ہے جس کے تحت واشنگٹن ریاض کے انسانی حقوق کے ریکارڈ بالخصوص جمال خاشقجی کے قتل پر تنقید کرنا بند کر دے گا۔

ماہرین بن سلمان اور امریکی صدر کی ممکنہ ملاقات کو اس لئے اہم بتا رہے ہیں کیونکہ جو بائیڈن نے سعودی عرب پر تنقید کرنے والے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد ریاض کے خلاف سخت تنقیدیں کی تھیں اور امریکا کو دنیا میں انسانی حقوق کے علمبردار کے طور پر دکھانے کی کوشش کی اور یہ بھی ظاہر کیا کہ وہ تجارتی اور اقتصادی مفادات کی خاطر دوسرے ممالک حتیٰ ان کے اتحادیوں کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

سعودی عرب کے ساتھ بائیڈن کی مفاہمت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے کہ جب امریکہ میں ایندھن کی قیمتیں بدستور بڑھ رہی ہیں اور بائیڈن ایسے حالات میں خاتم تیل فراہم کرنے کے حوالے سے سعودی عرب کی مدد کو خاص اہمیت دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ کے نیشنل انٹیلیجنس شعبے نے ایک رپورٹ تیار کی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث تھے۔

ٹیگس