Aug ۰۵, ۲۰۲۲ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • ایران کے اعلی مذاکرات کار کی ایٹمی معاہدے کے فریقوں سے ملاقات

ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار ڈاکٹر علی باقری کنی نے ویانا میں ملاقاتیں شروع کردی ہیں۔

ویانا سے ہمارے نمائندے کے ایران کے نائب وزیر خارجہ سینیئر ایٹمی مذاکرات کار ڈاکٹر علی باقری کنی نے ایٹمی مذاکرات میں یورپی یونین کے کوآرڈینیٹر انریکے مورا سے بھی ملاقات کی اور گفتگو کی ہے۔

بعد ازاں انہوں نے آسٹریا کے سیکریٹری خارجہ پیٹر لاونسکی سے بھی ملاقات کی جس میں ایٹمی مذاکرات کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گيا۔ ویانا پہنچنے کے فورا بعد وہ روس کے مستقل مندوب میخائیل اولیانوف سےبھی ملے تھے۔

ہمارے نمائندے کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے کوآرڈی نیٹر انریکے مورا نے، ایران کے چیف ایٹمی مذاکرات کار علی باقری سے ملاقات کے بعد، ایران کے امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے رابرٹ مالی سے ملاقات کی ہے جس کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئيں۔

علی باقری کنی نے جمعرات کے روز چینی وفد سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔ فریقین کے مابین 2015 کے ایران جوہری معاہدے کی بحالی پر بات چیت ہوئی۔

ویانا پہنچنے پرعلی باقری کنی نے کہا کہ ایران فوری طور پر مسئلے کو حل کرنے کے لئے تیار ہے اس شرط پر کہ امریکہ بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی مذاکرات کارعلی باقری کنی بدھ کو آسٹریا کے دارالحکومت ویانا پہنچے تھے۔

واضح رہے کہ ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے اور جوہری معاہدے کی بحالی کیلئے مذاکرات  تین ماہ تک  تعطل کا شکار رہنے کے بعد دوبارہ شروع  ہوئے ہیں۔

ٹیگس