Sep ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۱:۰۴ Asia/Tehran
  • آستان قدس رضوی زائرینِ اربعین کی خدمتگزاری میں پیش پیش

آستان قدس رضوی سے وابستہ کرامتِ رضوی فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے چہلم امام حسین(ع) کے موقع پر زائرین کو دی جانے والی خدمات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حرم امام رضا علیہ السلام کے تمام خدام اور معاونین اس عالمی اور عظیم الشان اربعین مارچ کے شاندار انعقاد میں تعاون کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں۔

چہلم امام حسین علیہ السلام تک تقریباً دو ہفتہ باقی ہیں اور مظلوم کربلا کے چاہنے والے نجف سے کربلا کے نورانی راستے پر پیدل چلنے کے لئے لمحے گن رہے ہیں۔ کورونا وائرس کے گذشتہ تین برسوں کے بعد اس سال ایک بار پھر سے ایران، عراق، افغانستان، پاکستان، آذربائیجان اور دنیا بھر سے امام حسین (ع) کے چاہنے والے مل کر اس عالمی پیدل مارچ کا انعقاد کر کے دنیا والوں کو اسلام کی عظمت سے حیران کر دیں گے۔

دنیا میں ایک اہم دینی مرکز کی حیثیت سے آستان قدس رضوی اس سال بھی اپنے کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے ذریعہ اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پر ایران  آنے والے  اور یہاں سے عراق جانے والے زائرین کو مختلف خدمات فراہم کرنے کے لئے تیار ہو چکا ہے۔

ایران و عراق میں لگائے گئے موکبوں میں دی جانے والی خدمات کی تفصیلات

آستان قدس رضوی کے تعاون سے ملک کے سرحدی علاقوں اور عراق میں 68  سے زائد موکب لگائے گئے ہیں۔ کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے  سربراہ  محمد  حسین استاد آقا نے بتایا کہ ان میں  ملک کے گیارہ سرحدی مقامات پر رضوی خادموں کے ذریعہ 18 موکب لگائے گئے ہیں؛ صوبہ سیستان و بلوچستان میں میرجاوہ بارڈر، صوبہ خراسان رضوی میں دوغارون بارڈر،صوبہ گیلان میں  آستارا  بارڈر، صوبہ اردبیل میں بیلہ سوار بارڈر، مغربی آذربائیجان میں تمرچین بارڈر، کرمانشاہ میں خسروی بارڈر، خوزستان میں شلمچہ اور چذابہ بارڈر، ایلام میں مہران بارڈر اور کردستان میں باشماک بارڈر وہ  جملہ  سرحدی مقامات ہیں جہاں پر  ایرانی و غیرملکی زائرین منجملہ  پاکستان اور افغانستان کے زائرین کی مہمان نوازی اور انہیں خدمات فراہم کرنے کے لئے موکب لگائے جا رہے ہیں۔ ان موکبوں میں زائرین کو رہائش اور کھانے پینے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ان سرحدی مقامات پر لگائے گئے موکبوں کو سو ٹن چاول، بیس لاکھ منرل واٹر کی بوتلیں اور بیس لاکھ غذائی تبرکات کی آمادگی کے لئے درکار دیگر اسباب و وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ پچاس ایسے موکب بھی ہیں جنہیں مشہد مقدس سے کربلا، سامرا، کاظمین، نجف اور نجف سے کربلا راستے کے درمیان لگایا گیا ہے۔ ان موکبوں کو بھی زائرین کرام کی پذیرائی کے لئے سو ٹن چاول، سات ٹن گوشت، پندرہ لاکھ منرل واٹر کی باٹلز اور دیگر لازمی اسباب و وسائل فراہم کئے جا چکے ہیں۔

اُدھر عراق میں لگائے گئے موکبوں پر بھی 35 لاکھ غذائی تبرکات زائرین میں تقسیم کئے جانے کا پروگرام ہے۔ کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے سربراہ کے مطابق گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی مہران بارڈر کے مرکزی موکب پر چھ لاکھ تبرکات اور دس لاکھ منرل واٹر، کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے تعاون سے زائرین میں تقسیم کئے جائیں گے۔ 

موبائل  ہسپتالوں کا قیام

آستان قدس رضوی نے ہنگامی طبی خدمات فراہم کرنے کے لئے مہران بارڈر پر چار بسوں میں سیّار یا موبائل ہسپتالوں کا انتظام کیا ہے تاکہ زائرین کو ہنگامی طبی سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں۔ 

پانچ ہزار سے خادمین رضوی سرگرم عمل 

محمد  حسین استاد آقا نے بتایا کہ ایران و عراق میں لگائے گئے 68 موکبوں پر پانچ ہزار سے زیادہ رضوی خادم، خدمت کے فرائض انجام دیں گے، اس سال گذشتہ برسوں  کی نسبت 98 فیصد موکبوں میں اور خدمات میں اضافہ ہوا ہے یہ سب مضبوط ارادے اور آستان قدس رضوی کے متولی کی اربعین حسینی کے پیدل مارچ پر خصوصی توجہ کی وجہ سے ممکن ہوا۔

25 صفر تک موکبوں میں خدمات کی فراہمی

کرامت رضوی فاؤنڈیشن کے سربراہ نے بتایا کہ بیس صفر کو عراق میں تمام موکب بند کر دیئے جاتے ہیں اس لئے یہ طے پایا کہ کربلائے معلی میں لگائے گئے امام رضا(ع) موکب پر پچیس صفر تک زائرین کو خدمات فراہم کی جائیں تاکہ زائرین کی واپسی تک انہیں کھانے پینے کی اشیاء میں مشکل کا سامنا نہ کرنے پڑے۔ 

عراقی موکب داروں کی قدردانی

 محمد حسین  استاد آقا نے بتایا کہ عراق کے پانچ سو موکب داروں کی قدردانی کے مقصد سے انہیں متبرک تحائف سے بھی نوازا جائے گا۔ 

ٹیگس