Sep ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • وزیر داخلی ایران وحمد وحیدی
    وزیر داخلی ایران وحمد وحیدی

ایران کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ اربعین حسینی عظیم اسلامی معاشرے کے اتحاد اور وحدت کی علامت ہے۔ دوسری جانب ایران کے کارگو طیاروں کے ذریعے زائرین کے لئے کھانے پینے کی اشیا نجف اور بغداد منتقل کی جارہی ہیں۔

اتوار کو تمرچین سرحدی گذرگاہ کے معائنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی نے اربعین حسینی کو عظیم امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے اربعین مارچ میں اہلسنت بھائیوں کی بھرپور شرکت اور زائرین کی خدمت کے لیے لگائے جانے موکبوں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام نے امت میں اختلافات کو ہوا دینے کی سازشوں پر خط بطلان کھینچ دیا ہے۔ 
ایران کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اربعین مارچ میں ایرانیوں کے اتحاد نے عالمی سامراج کو لرزہ براندام اور حسینت و استقامت سے ان کے لگاؤ کو نمایاں کردیا ہے۔ 
انہوں نے تمرچین گذرگاہ پر زائرین کے لیے موجود سہولتوں کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سرحد پہلی بار زائرین کے لیے کھولی گئی ہے اور صرف چندماہ کے اندر اندر یہاں بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا گیا ہے۔ 
تمرچین سرحد سے روزانہ دسیوں ہزار زائرین کے عراق جانے کی سہولت موجود ہے۔ 
دوسری جانب ایران کے محکمۂ شہری ہوابازی کے سربراہ نے کہا ہے کہ تین کارگو ہوائی جہاز زائرین کے لیے کھانے پینے کی اشیا اور دوائیں نجف اور بغداد منتقل کر رہے ہیں۔ 
محمد محمدی بخش کا کہنا تھا کہ عراق میں پیدا ہونے والی بعض مشکلات کے بعد نائب صدر محمد مخبر کی ہدایت پر، ہلال احمر اور ایرانی سفارت خانے کی مدد سے زائرین کی ضرورت کا سامان عراق منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ منگل کے روز پہلا ہوائی جہاز پانی کی بوتلیں، کھانے کے پیکٹ اور دوائیں لیکر عراق پہنچ تھا اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ 
درایں اثنا ایران کی انجمن ہلال احمر کے سربراہ نے کہا ہے کہ چہلم کے موقع پر عراق میں زائرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پیرحسین کولیوند نے کہا ہے کہ ایران کی انجمن ہلال احمر کے رضا کار روزانہ ستر ہزار زائرین حسینی کو مختلف قسم کی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ شدید گرمی اور لوگوں کے اژدھام کی وجہ سے ہلال احمر کی امدادی ٹیمیں رات و دن کام کر رہی ہیں اور خاص طور سے گرمی سے متاثر ہونے والوں کو طبی خدمات فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔  

ٹیگس