رئیسی اور میکرون کی ملاقات؛ معاہدہ کے لئے ایران ٹھوس ضمانت کا خواہاں (ویڈیو)
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہی اجلاس کے موقع پر صدر ایران نے اپنے فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات اور گفتگو کی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک میں موجود صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئیل میکرون سے ملاقات کی اور ایران فرانس تعلقات کے فروغ، تعاون اور ان میں بہتری لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یورپ کو اب عملی طور پر ثابت کرنا چاہیے کہ وہ اپنی پالیسیوں میں امریکہ کا تابعدار نہیں ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایک دیرپا معاہدے تک پہنچنے کے لئے ایران کو قابل اطمینان ضمانت درکار ہے اور ایٹمی توانائی ادارے میں ایران کے کیس کو بند کرنا چاہیے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے اس موقع پر کہا کہ امریکہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کے معاہدہ سے الگ ہوا ہے جب کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے مطابق ایران مکمل طور پر معاہدے کی ذمہ داریوں کا پابند رہا اور یورپی فریق بھی معاہدہ کے بدلے ایران کو اقتصادی فوائد دینے میں ناکام رہے ہیں۔
فرانسیسی صدر نے ایرانی صدر کو فرانس کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ تہران اور پیرس اپنے باہمی تعلقات، اقتصادی معاملات اور علاقے میں ترقی جیسے معاملات کو فروغ دے سکتے ہیں۔
صدر ایران بدھ کی صبح اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
صدر منتخب ہونے کے بعد فرانسیسی صدر سے یہ ان کی پہلی ملاقات تھی۔
ایران اور فرانس کے صدور کی یہ ملاقات جوہری مذاکرات کو بحال کرنے کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن میں قابل ذکر پیش رفت کے باوجود امریکہ کے غیرفیصلہ کن رویہ اور متعدد بار مداخلت، طویل مذاکرات میں تاخیر کا باعث بنی ہیں۔