جوزف بورل کا باغ اور جنگل والا بیان سامراجی سوچ کا عکاس ہے۔ ترجمان وزارت خارجہ
یورپ باغ ہے اور باقی دنیا جنگل، یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کے سربراہ کے اس متنازعہ بیان پر ایران کی وزارت خارجہ نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے جوزف بورل کے مذکورہ بیان کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اپنی تازہ ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ باغ اور جنگل کی تشبیہ اس ناقابل قبول سامراجی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے جس کی بنیاد پر مغرب نے جارحیت اور قبضہ کرنے کو اپنا حق سمجھ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ دور ختم ہوچکا ہے اور دنیا میں چند قطبی نظام کا دور شروع ہونے والا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ یورپی یونین کو اس حقیقت کو قبول کر لینا چاہئے ورنہ انہیں زوال اور تباہی کا راستہ ہی دیکھنا ہوگا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیر کو بھی اپنی ہفتہ وار پریس کانفرس میں بھی کہا تھا کہ بورل کے اس بیان پر کافی ردعمل آچکا ہے حتی کہ یورپی حلقوں میں بھی اس پر کافی اعتراضات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیصلہ بورل کے اس بیان کو سننے والوں پر چھوڑنا چاہئے۔
واضح رہے کہ یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل نے گذشتہ جمعرات کو بیلجیم میں کہا تھا کہ یورپ ایک باغ کی طرح ہے اور باقی دنیا ایک جنگل کی طرح ہے اور چونکہ جنگل باغ کو تباہ کر دیتا ہے لہذا باغبانوں کو چاہئے کہ وہ جنگل کو اپنے قابو میں کریں -