ایران نے روس کو یوکرین جنگ کے لیے ہتھیار نہیں دیئے: امیرعبداللہیان
ایران اور بلغاریہ کے وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور سمیت تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی مسائل اور صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کے مطابق ہتھیاروں کی برآمدات و درآمدات پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن ہم نے روس کو یوکرین جنگ میں استعمال کرنے کے لیے ہتھیار نہیں دیئے۔
اپنے بلغاری ہم منصب نیکولای میلکوف سے ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو کے دوران امیرعبداللہیان نے یوکرین کی صورتحال سے متعلق کہا کہ ہم یوکرین میں جنگ کے تسلسل کے مخالف ہیں اور ہم جنگ بندی کے قیام کی کوشش کر رہے ہیں تاہم ہم خطے میں نیٹو کی توسیع کے خلاف ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے بلغاریہ کیجانب سے شیراز میں واقع حضرت شاہ چراغ علیہ السلام کے روضے میں داعش کے حالیہ دہشتگردانہ حملے کی مذمت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 125ویں سالگرہ کے موقع پر دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
اس گفتگو میں بلغاریہ کے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور اچھے تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے 2023 میں مشترکہ کمیشن کے انعقاد کی کوششوں کو جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔
نیکولای میلکوف نے ایران کے وزیر خارجہ کا یوکرین کی صورتحال اور جنگ کے جاری رہنے کی مخالفت کرنے اور یوکرین کے بحران کے سیاسی حل کے سلسلے میں تہران کے موقف کی وضاحت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلغاریہ کی حکومت جوہری معاہدے کی بحالی اور ایران اور بین الاقوامی برادری کے درمیان معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے عمل کی بدستور حمایت کرتی ہے۔