ایران کی کامیاب خارجہ پالیسی نے امریکی و صیہونی سازشوں کو ناکام بنا دیا
علاقائی ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ ایران کےتعلقات فروغ پا رہے ہیں اور ایران کو تنہا کرنے کی امریکی و صیہونی کوششیں ناکام رہی ہیں۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ (مجلس شورای اسلامی) کی خارجہ کمیٹی کے سربراہ عباس گلرو نے کہا ہے کہ کئی ممالک من جملہ متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب میں ایرانی سفارتخانوں کے کھلنے سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ایران کے تعلقات اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے مضبوط تعلقات اور دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون، مذہبی اور دینی حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے اور یہ ایرانی عوام کیلئے حج بیت اللہ الحرام اور اسی طرح سعودی عرب کے عوام کیلئے مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کی زیارت میں آسانی کا باعث بنے۔
ایرانی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ بہت جلد مشہد میں سعودی عرب کا قونصل خانہ بھی کھل جائیگا۔
عباس گلرو نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کا فروغ بعض علاقائی ممالک کے ساتھ غاصب صیہونی حکومت کے تعلقات کی برقراری پر کاری ضرب کے مترادف ہے۔۔
واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کو تنہا کرنے کی پالیسی اس وقت دم توڑ گئی جب ایران کی کامیاب خارحہ پالیسی نے امریکہ اور اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا اور امریکی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بعض اہم عرب ممالک نے ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات برقرار کرنے کا فیصلہ کیا