Jun ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۲:۱۲ Asia/Tehran
  • سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی نیوی میں 2000 کلومیٹر تک مار کرنے والے نئے کروز میزائل کی شمولیت

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی نیوی نے پہلی مرتبہ 2000 کلومیٹر تک مار کرنے والے ایک نئے اور جدید کروز میزائل سے اپنے بحری جنگی جہازوں کو مسلح کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی نیوی کے کمانڈر رئیر ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے کہا ہے کہ آئی آر جی سی نیوی کے دو جنگی جہازوں شہید مہدوی اور شہید قاسم سلیمانی کو قدر 474 کروز میزائلوں سے مسلح کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید کاٹاماران جنگی جہاز شہید قاسم سلیمانی کو مختلف اقسام کے مختلف فاصلوں تک مار کرنے والے میزائلوں سے مسلح کیا گیا ہے جن کی رینج 200، 300، 750 اور 2000 کلومیٹر ہے۔

رئیر ایڈمرل تنگسیری نے کہا کہ آئی آر جی سی نیوی ایک نئے زمین سے سمندر میں مار کرنے والے میزائل ابومہدی المہندس کو شامل کر رہی ہے، ابومہدی المندس اور 750 کلومیٹر کی رینج تک مار کرنے والے دو دوسرے میزائل سمارٹ میزائل ہیں، فائر کرنے کے بعد بھی ان کا ہدف تبدیل کرکے نئے ہدف کی جانب رہنمائی کی جا سکتی ہے اور ان میزائلوں کو پہاڑیوں کے پیچھے موجود مراکز سے سمندری اہداف کو نشانہ بنانے کےلئے فائر کیا جا سکتا ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی نیوی کے کمانڈر نے مزید بتایا کہ اس سال شھید قاسم سلیمانی کلاس کے چار مزید جنگی جہازوں کو آئی آر جی سی نیوی کے حوالے کیا جائے گا، یہ کاٹاماران جنگی جہاز 45 کلوناٹ کی رفتار سے سمندر میں سفر کر سکتے ہیں۔

یادر ہے کہ سپاہ پاسدارن انقلاب اسلامی کی نیوی کو عاشورا اور ذوالفقار کلاس کے بحری جنگی جہازوں کو بھی کوثر 200 اور کوثر 222 نامی میزائلوں سے مسلح کیا جا چکا ہے۔

ٹیگس