امریکہ اور یورپ کی غلط پالیسیاں پناہ گزینوں اور مہاجروں کے بحران کا سبب: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا ہے مغربی پناہ گزینوں کے بحران کی ذمہ داری لینے سے اس طرح انکار نہیں کر سکتے کیونکہ غیر قانونی مہاجرت کی جڑ امریکہ اور یورپ کی غلط پالیسیاں ہی ہیں۔
سحرنیوز/ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے مختلف ایشیائی اور افریقی ممالک کے پناہ گزینوں کو یورپ لے جانے والی کشتی کے ڈوبنے اور اس میں سیکڑوں اموات پر غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مرنے والوں میں دسیوں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دردناک حادثہ میں جان بحق ہونے والوں کی ارواح کے لئے خدا سے رحمت کی دعا کرتے ہیں اور لواحقین کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔
ناصر کنعانی نے غیر ملکی پناہ گزینوں اور تارکین وطن کے بحران کے حوالے سے مغربی ممالک کے غیر ذمہ دارانہ رویہ پر کڑی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک پناہ گزینوں کے بحران کی ذمہ داری لینے سے انکار نہیں کر سکتے کیونکہ ایشیا اور افریقی ممالک سے ہونے والی غیر قانونی مہاجرت اور پناہ گزینوں کا بحران امریکہ اور یورپ کی ہی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔