Jul ۲۸, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran
  • ایران میں آج عاشورائے حسینی، ہندوستان و پاکستان میں آج نو محرم کی عزاداری اور جلوسہائے عزا

پورے ایران میں آج عاشورائے حسینی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے جبکہ عراق، ہندوستان اور پاکستان میں آج نو محرم ہے۔

سحر نیوز/عالم اسلام: اسلامی جمہوریہ ایران میں آج  بروز جمعہ صبح سے ہی تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کا سلسلہ شروع ہوا۔

مساجد، امام باگارہوں اور دوسرے مقدس مقامات پر مجالس عزا منعقد ہو رہی ہیں جہاں علمائے کرام اور ذاکرین عظام حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈال رہے ہیں اور آپ کے فضائل و مصائب بیان کر رہے ہیں اور سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے عزادار نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر رہے ہیں۔

جلوسہائے عزا مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس، قم المقدس میں حضرت فاطمہ معصومہ علیھا السلام کے روضے، شیراز میں حضرت احمد بن موسیٰ علیہ السلام کے روضے اور تہران میں شہر رے میں واقع حضرت عبد العظیم حسنی علیہ السلام کے مزار کی جانب رواں دواں ہیں جن میں لاکھوں کی تعداد میں سوگوار نوحہ خوانی، سینہ زنی، علمبرداری اور سقائی اور طبل زنی میں مصروف ہیں۔ آج سوگ کے اس سلسلہ اختتام مجلس شام غریباں  پر ہوگا۔

عراق سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی عزاداراس وقت کربلائے معلیٰ میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور علمدار کربلا حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کے روضات اقدس کے اندر، بین الحرمین اور انکے قرب و جوار میں عزاداری کر رہے ہیں۔

پاکستان میں بھی شہید کربلا کی یاد اپنے عروج کو پہنچ چکی ہے اور فرزندان اسلام اپنے پیارے نبی کے نواسے کا سوگ پوری عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہے ہیں۔

نو اور دس محرم کے جلوس کے لیے کراچی سمیت ملک کے بڑے چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے ہیں اور ٹریفک کا خصوصی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پولیس ترجمان کے مطابق مرکزی جلوس کی نگرانی اور سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر تقریبا چار ہزار سات سو پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے نوے اسنائپرز مرکزی جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق آج نو محرم الحرام کو علما کا جلوس لیاقت آباد امام بارگاہ مارٹن روڈ سے برآمد ہوگا اور پھر نشتر پار ک میں تقریباً پارہ بجے پہنچے گا، جہاں مرکزی مجلس ہوگی اور اس کے بعد مذکورہ جلوس نشتر پارک سے شروع ہوکر حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر میں اختتام پذیر ہو گا۔ اسی طرح اسی طرح کل دس محرم کو بھی نشتر پارک میں مجلس کے بعد مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ، کھارادر میں اختتام پذیر ہو گا۔

اُدھر پاکستان کے تاریخی شہر روہڑی میں حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی کی یاد میں 500 سالہ قدیمی 9 ڈھالہ تعزیے کا جلوس آج صبح چار بجے برآمد ہوا جس میں شرکت کے لئے ملک بھر سے زائرین اور عقیدت مند روہڑی پہنچے۔

اسکے علاوہ لاہور، راولپنڈی، پشاور، ملتان اور کوئٹہ سمیت پاکستان کے دیگر شہروں اور علاقوں میں آل رسول (ص) کے چاہنے والے حسینِ شہید کا سوگ منانے اور کربلا سے حاصل ہونے والی حریت و ہدایت سے اپنی روح کو مہمیز کر رہے ہیں۔

اُدھر ڈھیروں ادیان و اقوام کے گہوارے ہندوستان میں بھی نواسۂ رسول کو تمام تر عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کیا جا رہا ہے۔ آج ہندوستان میں 9 محرم کے پیش نظر عزاداری کا یہ سلسلہ پوری عقیدت و حترام کے ساتھ جاری ہے اور ملک کی تقریبا سبھی ریاستوں میں جابجا فرش عزا بچھا ہوا ہے اور قدیم و جدید جلوسہائے عزا برآمد ہو رہے ہیں۔

اسکے علاوہ دارالحکومت نئی دہلی اور تاریخی شہروں لکھنو اور حیدرآباد سمیت ہندوستان کے دیگر ہزاروں چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں بھی عزائے حسین کا سلسلہ جاری ہے جہاں مسلمانوں کے علاوہ مختلف مذاہب کے لوگ اپنے اپنے انداز نواسہ رسول کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

دنیا کے دوسرے ممالک میں بھی نواسۂ رسول حسین شہید کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ عراق، پاکستان اور ہندوستان میں کل بروز اتوار عاشورائے حسینی ہے۔

 

ٹیگس