ایران اور روس کے صدور کی دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے صدور نے ٹیلی فونی گفتگو میں علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت اور تبادلہ خیال کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اور روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے ہونے والی اس ٹیلی فونی گفتگو میں تجارت، توانائی، نقل و حمل اور ماحولیات کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات میں توسیع پر دونوں ممالک کے عزم پر تاکید کی۔
دونوں ممالک کے صدور نے شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کی مکمل رکنیت اور بریکس میں شمولیت پر مبنی ایران کے رجحان سمیت علاقائی اور عالمی امور میں باہمی تعاون سے متعلق بھی گفتگو کی۔
صدر ایران کے دفتر کے نائب سربراہ محمد جمشیدی نے بھی روسی صدر کے ساتھ ایران کے صدر کی ٹیلی فونی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ایران اور روس کے صدور کی ٹیلی فونی گفتگو میں قفقاز کی صورتحال، شمال و جنوب کوریڈور اور توانائی سے متعلق اقتصادی سمجھوتوں پر عملدرآمد میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا ۔
واضح رہے کہ اقتصادی، فوجی اور سلامتی کے شعبوں نیز امریکہ کی یکطرفہ پالیسیوں کے مقابلے کے سلسلے میں ایران اور روس کے مشترکہ اسٹریٹیجک مفادات ہیں اور یہی مفادات حالیہ برسوں کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعاون کا باعث ہیں۔
گزشتہ چند برسوں میں ایران اور روس کے تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں اور دونوں ملکوں کے سربراہ اور وفود ایک دوسرے کے ملکوں کا دورہ کر رہے ہیں۔