ایران کینسر کی ایک اہم دوا بنانے والا دنیا کا تیسرا ملک
اسلامی جمہوریہ ایران کینسر کی ایک اہم دوا اِبروٹِن ٹِب تیار کرنے والا دنیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اِبروٹِن ٹِب (IBRUTINTB) اب تک ایران میں درآمد کی جاتی تھی لیکن ایک ایرانی نالج بیسڈ کمپنی کے ماہرین نے یہ دوا ملک کے اندر تیار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
یہ دوا بہت اہم ہے اور خاص حالات میں کینسر کے مریضوں کو دی جاتی ہے اور ایران میں پانچ سال کی لگاتار تحقیق کے بعد یہ دوا تیار کی گئی نیز اب کینسر کی یہ اہم دوا بننی بھی شروع ہوگئی ہے۔ دوا کی تیاری کے ساتھ ہی اس کے خام مواد کی تیاری بھی ایران میں ہی انجام پاتی ہے اور چین اور ہندوستان کے بعد ایران، اس دوا اور اس کا خام مواد تیار کرنے والا دنیا کا تیسرا ملک ہے۔
ایران میں اِبروٹِن ٹِب دوا تیار کرنے والی نالج بیسڈ ایرانی کمپنی کے ریسرچ ڈائریکٹر سجاد قد بیگی نے بتایاہے کہ یہ دوا خون کے کینسر اور لم فوما کے علاج میں استعمال ہوتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ دوا خون کے کینسر سی ایل ایل اور ایس ایل ایل کے علاج کے علاوہ پیوندکاری میں بھی دی جاتی ہے۔
دریں اثنا کمپنی کی مینیجنگ ڈائریکٹر محترمہ بہمنی نے بتایا ہے کہ یہ دوا کینسر کا مکمل علاج کرتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس دوا کے خام مادہ کی ایران میں تیاری، قیمت کے لحاظ سے بہت کم ہے اور بہت معیاری ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس دوا کی برآمدات سے ملک کی زرمبادلہ کی آمدنی میں کافی اضافہ ہوگا
۔