Nov ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • جارحین و غاصبین فلسطین سے نکل جائیں، میجر جنرل باقری

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے فلسطین کا مستقبل روشن قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ جارحین و غاصبین فلسطین سے نکل جائیں۔

سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے مظلوم فلسطینی شہدا  کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دوران فلسطینی استقامتی مجاہدین کا بےمثال، اچانک اور شجاعانہ دفاع فلسطین، علاقے اور عالم اسلام کے لئے ایک نیا باب ثابت ہوگا۔

میجر جنرل محمد باقری نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ غاصب اسرائیلی حکومت کی شرمناک شکست ناقابل تلافی ہے کہا کہ بے گناہ مردوں، عورتوں، بچوں اور بوڑھے افراد پر بمباری غاصب اسرائیلی حکومت کی کامیابی اور طاقت کی علامت نہیں ہے اور نہ ہوگی۔

اطلاعات کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اس جنگ کا نتیجہ فلسطینیوں کی کامیابی کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے کہا کہ آج پوری دنیا اس جارحیت کو روکے جانے کا مطالبہ کر رہی ہے اور پوری دنیا غزہ کے عوام کے لئے امداد رسانی کی خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ فلسطین کے استقامتی محاذ کے مجاہدین نے 7 اکتوبر (2023) کو طوفان الاقصیٰ آپریشن کے تحت غزہ سے قدس کی غاصب حکومت کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا شروع کیا اور اس دوران غاصب حکومت کو وسیع پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا تو غاصب اور جارح اسرائیلی حکومت نے بوکھلاہٹ میں اپنی شرمناک شکست کی تلافی کے لئے غزہ پٹی کی تمام گزرگاہوں کو بند کر کے علاقے کے رہائشی علاقوں اور طبی مراکز پر تین ہفتے سے وحشیانہ بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

ٹیگس