صدرمملکت رئیسی: صیہونی حکومت پر سیاسی و اقتصادی دباؤ پر زور
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے روس، چین، ترکیہ قزاقستان اور جنوبی افریقا سمیت دنیا کے پچاس ملکوں کے سربراہوں کے نام خط ارسال کرکے مطالبہ کیا ہے کہ صیہونی حکومت پر غزہ میں جرائم کا سلسلہ بند کرنے کے لئے مختلف سیاسی اور اقتصادی راستوں سے دباؤ ڈالا جائے۔
سحرنیوز/ایران: صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے دنیا کے پچاس ملکوں کے سربراہوں کے نام اپنے مکتوب میں غزہ میں چودہ ہزار سے زیادہ افراد کو شہید اور لوگوں کے گھروں نیز بنیادی تنصیبات کو تباہ کردینے پر مبنی صیہونی حکومت کے وحشیانہ اقدامات نیز بعض مغربی حکومتوں کے دوہرے معیاروں نیز ان کی جانب سے اس حکومت کے جرائم کو دانستہ نظر انداز کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے، لکھا ہے کہ دنیا کے خودمختار اور حریت پسند ملکوں بالخصوص اسلامی ملکوں سے توقع ہے کہ سفارتی اور اقتصادی میدانوں میں متحد ہوکر غاصب صیہونی حکومت پر دباؤ ڈال کر عام شہریوں کا قتل عام بند اور غزہ کا محاصرہ ختم کرائيں گے۔ صدر ایران نے دنیا کے پچاس ملکوں کے سربراہان مملکت کے نام اپنے اس مکتوب میں لکھا ہے کہ آج سبھی حکومتوں کا خدائی اور انسانی امتحان ہے۔ انہوں نے سربراہان مملکت سے اپیل کی ہے کہ صیہونی حکومت کے ساتھ سیاسی اور تجارتی روابط نیز ہر طرح کا تعاون منقطع کرنے سمیت، غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف جرائم روکنے کے لئے اس پر دباؤ ڈالنے کے ہر وسیلے سے کام لیا جائے۔ صدر جمہوریہ ایران نے اس سے پہلے غزہ کے موضوع پر ہونے والے ریاض سربراہی اجلاس میں بحران غزہ کی دس نکاتی راہ حل پیش کی تھی۔