Nov ۲۸, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۸ Asia/Tehran
  • ایران اور سوئیزرلینڈ کے وزرائے خارجہ کی ٹیلیفونی گفتگو، مستقل فائربندی پر ایران کے وزیرخارجہ کی تاکید

ایران کے وزیر خارجہ نے سوئیزرلینڈ کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو میں کہا ہے کہ غزہ اور مغربی کنارے کے خلاف حملے بند کئے جانے کے بارے میں عالمی اتفاق رائے پایاجاتا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سوئیزرلینڈ کے وزیر خارجہ ایگنازیو کاسیس سے ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو میں بدھ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے وزرائے خارجہ کی سطح پر ہونے والے اجلاس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ غزہ اور مغربی کنارے کے خلاف حملے بند، انسان دوستانہ بنیاد پر محاصرے کا خاتمہ، اور غذائي اشیا، دواؤں اور ایندھن پر مشتمل انسان دوستانہ امداد کی ترسیل اور اسی طرح غزہ اور مغربی کنارے کے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی روک تھام ایسے امور ہیں جن کے بارے میں عالمی مفاہمت پائی جاتی ہے اور جو ترجیحات میں بھی شامل ہیں۔ اس ٹیلیفونی گفتگو میں سوئیزرلینڈ کے وزیر خارجہ نے بھی فلسطین اور مقبوضہ علاقوں میں موجودہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، قیدیوں کی رہائی، عام شہریوں کی حمایت، انسان دوستانہ امداد کی ترسیل اور لڑائی میں شدت کی روک تھام کئے جانے کو اہم امور سے تعبیر کیا۔
انہوں نے عام شہریوں کے جانی تحفظ کے بارے میں انجام پانے والے صلاح و مشورے، انسانی حقوق کی پابندی، انسان دوستانہ جنگ بندی کی کوشش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل کے پیش نظر فائر بندی کا نیا دور شروع ہو گا۔ اسی طرح دونوں فریقوں نے ایران اور سوئیزرلینڈ کے تعلقات میں توسیع کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ، علاقائي و بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے مقصد سے وزرائے خارجہ کی سطح پر بالمشافہ ملاقات کی ضرورت پر تاکید کی۔

ٹیگس