Dec ۰۵, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • بحیرۂ خزر کے ساحلی ملکوں کے وزرائے خارجہ کا اجلاس آج

بحیرۂ خزر کے ساحلی ملکوں کے وزرائے خارجہ کا بارہواں سالانہ اجلاس آج منگل کو ماسکو میں پانچ پڑوسی ملکوں کی شرکت سے شروع ہوا۔

سحر نیوز/ ایران: اس اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان، روسی فیڈریشن کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف، جمہوریہ آذربائیجان کے جیحون بایراموف، ترکمنستان کے رشید مردوف اور قزاقستان کے وزیر خارجہ نورتلئو شریک ہیں-

بحیرۂ خزر کے پانچ ساحلی ملکوں کے وزرائے خارجہ اس کے بعد اپنے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس کا یہ حصہ میڈیا کے نمائندوں کی موجودگی میں منعقد ہوگا ۔ اس اجلاس میں، اس آبی علاقے سے متعلق اہم ترین مسائل جیسے بحیرۂ خزر کے خطے کی سلامتی، اقتصادی تعلقات کی توسیع، سمندری نقل و حمل، تجارت، توانائی، ماحولیات اور متعلقہ قانونی مسائل کا جائزہ لیا جائے گا-

بحیرہ خزر، خشکی میں محصور پانی کا سب سے بڑا علاقہ ہے جس میں دنیا کی جھیلوں کے پانی کے ذخائر کا تقریباً چوالیس فیصد حصہ ہے۔ بحیرہ خزر کی لمبائی تقریباً ایک ہزار تیس سے ​​بارہ سو کلومیٹر اور اس کی چوڑائی ایک سو چھیانوے سے چار سو پینتیس کلومیٹر کے درمیان ہے۔

بحیرہ خزر کی گہرائی شمالی علاقوں میں پانچ میٹر سے لے کر جنوبی علاقوں میں ایک ہزار پچیس میٹر تک مختلف ہوتی ہے۔ بحیرہ خزر کے ساحلوں کی کل لمبائی تقریباً ساڑھے چھ ہزار کلومیٹر ہے۔

ٹیگس