غزہ کے واقعات نے امریکی حکومت کو بے نقاب کردیا ہے: صدر رئیسی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ غزہ کے واقعات نے امریکی حکومت کو بے نقاب کرکے، اس کا ظالمانہ، غیر انسانی اور انسانیت دشمن چہرہ دنیا والوں کے سامنے پیش کردیا ہے-
سحر نیوز/ ایران: صدر سید ابراہیم رئیسی نے اتوار کی شام کابینہ کی میٹنگ میں غزہ میں جنگ بندی کی قرار داد ویٹو کئے جانے کو افسوسناک اور اسے غزہ کے عوام کے قتل عام میں واشنگٹن کی براہ راست شمولیت کا ایک واضح ثبوت قرار دیا۔ یاد رہے کہ امریکا نے جمعے کی شام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کی قرار داد ایسی حالت میں ویٹو کی ہے کہ پندرہ میں سے تیرہ ارکان نے قرار داد کے حق میں ووٹ دیئے تھے ۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے امریکا کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا نے بین الاقوامی معاملات میں امریکا کی خودسری ختم کئے جانے کی ضرورت کو اچھی طرح محسوس کرلیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقوام عالم کی یہ بیداری یقینا دنیا کے حالات میں تبدیلی لائے گی اور خودسرانہ سسٹم کو ختم کرکے دنیا میں کثیر جہتی اور چند قطبی نیز منصفانہ نظام کے لئے حالات کو سازگار بنائے گی۔