Dec ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۱:۴۸ Asia/Tehran
  • غزہ جنگ کے طول پکڑنے کی بابت انتباہ، اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیر سعید ایروانی نے بائيڈن حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ جنگ طول پکڑنے سے امریکہ کو اسرائیل کی حمایت کی زيادہ قیمت چکانی پڑے گی۔

سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب اور سفیر امیرسعید ایروانی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکہ کی بے دریغ حمایت کے بغیر اسرائیل کے اندر جارحیت کی طاقت نہیں ہے اور غزہ جنگ طول پکڑنے سے امریکہ کے لئے اس حمایت کی قیمت روز بروز بڑھتی جائے گی۔ سعید ایروانی نے کہا کہ نیتن یاہو اپنی سیاسی زندگی کی بقا غزہ میں جنگ جاری رہنے میں جبکہ بائيڈن اپنے دوسری بار منتخب ہونے کا امکان غزہ جنگ کے خاتمے میں دیکھتے ہیں اور جنگ اگر طویل ہوئی تو مفادات کا یہ ٹکراؤ کنٹرول نہيں ہو پائے گا۔ انہوں نے فلسطین کے اسلامی استقامتی گروہوں اور صیہونی حکومت کے درمیان جنگ طویل ہونے کے نتائج کے بارے میں نیوز ویک جریدے کے سوال کے جواب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے سب سے بڑا مسئلہ اور اولین ترجیح عام شہریوں کی جان کی حفاظت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہادی گروہوں نے جدوجہد کی راہ اختیار کی ہے اور وہ جان بوجھ کر اس راستے پر گامزن ہوئے ہیں اور اس کی قیمت چکانے کے لئے بھی تیار ہیں لیکن عام لوگ خاص طور سے خواتین اور بچوں کو جنگ کی بھینٹ نہيں چڑھنا چاہیے۔ سعید ایروانی نے کہا کہ غاصبوں کے مقابلے میں استقامت ایک ثقافت ہے اور وہ رہنماؤں اور مجاہدین کے قتل سے ختم ہونے والی نہيں ہے بلکہ ان کے خون سے وہ اور مضبوط ہوگی اور مزید مجاہدین استقامت کا راستہ اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل حماس کو ہرگز ختم نہيں کرسکتا لیکن اس نے جو قتل عام کیا ہے اس کا نتیجہ استقامت کی طاقت بڑھنے اور حماس میں مزید مجاہدین کے شامل ہونے یا دیگر نئے گروہوں کی تشکیل کی شکل میں سامنے آئے گا۔ سعید ایروانی نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ بحران فلسطین کا کوئی فوجی راہ حل نہيں ہے بلکہ اس کا راستہ غاصبانہ قبضے کا خاتمہ اور فلسطینیوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینا ہے۔

ٹیگس