Dec ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۸:۲۵ Asia/Tehran
  • ایٹمی معاہدے کی موجودہ صورت حال کے ذمہ دار یورپ اور امریکہ ہیں، ایران

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کے سیکریٹریٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی معاہدے کی موجودہ صورت حال کے ذمہ دار یورپ اور امریکہ ہیں۔

سحر نیوز/ ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے بین الاقوامی ایٹمی معاہدے سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد بائیس اکتیس کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں بین الاقوامی ایٹمی معاہدے کے بارے میں اقوام متحدہ کے سیکریٹریٹ کے غیر پیشہ ورانہ رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامع ایٹمی معاہدے کی موجودہ صورت حال کی مکمل ذمہ داری یورپ اور امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے معاہدے سے نکل کے اور تین یورپی ملکوں نے ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں اپنے وعدوں اور عہد پر عمل نہ کر کے اس معاہدے کو موجودہ صورت حال میں پہنچایا اور ایسے اقدامات کئے جن سے اس بین الاقوامی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے کہا کہ ویانا مذاکرات میں تعطل کی اصل وجہ امریکہ اور تینوں یورپی ملکوں میں سیاسی ارادے کا فقدان ہے اور سیاسی ارادے کے فقدان کی وجہ بھی ان ممالک میں پائے جانے والے سیاسی مسائل اور سیاسی محرکات ہیں۔ امیر سعید ایروانی نے کہا کہ علاقے میں امن و سلامتی کو لاحق حقیقی اور دیرینہ خطرے سے سب واقف ہیں اس لئے نادرست اطلاعات کے ذریعے اس پر پردہ ڈالنے یا دوسروں پر بلاسبب اور بے بنیاد الزامات عائد کرنا ناکام کوشش ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے تہران کے منطقی و اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر سنہ 2023 کو بیلسٹک میزائلوں سے متعلق بندشوں کے خاتمے سے قبل ایران کے خلائی اور میزائل پروگراموں کے مسئلے کو اٹھایا جانا بین الاقوامی ایٹمی معاہدے اور قرارداد بائیس اکتیس کی صلاحیت سے باہر تھا۔

 

ٹیگس