غزہ کے عوام کو نقل مکانی پر مجبور کرنا امریکی ایجنڈا ہے، صدر رئیسی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے تہران میں فلسطین کے بارے میں منعقدہ کانفرنس میں کہا ہے کہ امریکہ کا ایجنڈا غزہ کے عوام کو ان کے وطن سے زبردستی باہر نکالنا ہے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے فلسطین کانفرنس میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ فلسطین کا موضوع دنیائے انسانیت کے لئے مرکزی مسئلہ ہے کہا کہ تسلط پسند نظام اپنی تسلط پسندی اور ظلم کے ذریعے فلسطینی عوام کے حقوق کو پامال کرنا چاہتا ہے اور اسے قانون و انسانیت کی کوئی پرواہ نہيں ہے۔ صدر ابراہیم رئیسی نے زور دے کر کہا کہ انسانیت کے خلاف جرائے کے ارتکاب کی بنا پر امریکہ اور صیہونیوں پر عالمی عدالت میں مقدمہ چلانا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قابضوں کا مقابلہ کرنے کے لئے سب سے پہلے غاصبوں کو باہر نکالنا چاہیے اور پھر غاصبوں کو سزا دینے کے ساتھ ہی ان سے ہرجانہ بھی وصول کرنا چاہیے اور غاصبوں کا مقابلہ کرنے کا یہی قانونی طریقہ ہے۔ صدر مملکت نے مسئلہ فلسطین کے سلسلے میں انسانی حقوق کی حمایت کے دعوےدار اداروں اور تنظیموں کی بےحسی اور ناکارہ پن پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسّی روز سے سلامتی کونسل ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھی ہوئی ہے اور اس کی سمجھ میں نہيں آرہا ہے کہ کیا کرے۔