Jan ۲۰, ۲۰۲۴ ۲۰:۳۶ Asia/Tehran
  • ریفرینڈم کا انعقاد مسئلۂ فلسطین کا واحد حل: ایرانی نائب صدر

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر محمد مخبر نے ناوابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس میں کہا کہ مسئلۂ فلسطین کا واحد حل عوامی اور آزادانہ ریفرینڈم ہے۔

سحرنیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر محمد مخبر نے یوگینڈا کے دارالحکومت کمپالا میں ناوابستہ تحریک کے سربراہی اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا کہ مسئلۂ فلسطین کا واحد حل عوامی اور آزادانہ ریفرینڈم کا انعقاد ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر محمد مخبر نے آج (ہفتہ کو) اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ فلسطین میں پائیدار اور منصفانہ امن و استحکام صرف تمام فلسطینی، شامی اور لبنانی سرزمینوں کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے اور فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی نیز عوامی ریفرینڈم کے ذریعہ تمام فلسطینیوں کو اپنے مستقبل کے بارے میں آزادانہ طور پر فیصلہ کرنے کے حق کی ضمانت سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے غزہ کی پٹی کے طویل محاصرے اور اس پٹی کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کئے جانے کے صیہونی حکومت کے اقدام کو صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمتی قوتوں کے اٹھ کھڑے ہونے اور اپنے سلب کئے گئے حقوق کے حصول کے لیے اقدامات کی بنیاد قرار دیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف میں شکایت درج کرانے کے جنوبی افریقہ کے بہادرانہ اقدام کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ناوابستہ تحریک کے اراکین سے چاہتا ہے کہ وہ صیہونی نسل پرست حکومت کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی تمام تر سیاسی اور اقتصادی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

 

ٹیگس