Jan ۲۹, ۲۰۲۴ ۲۰:۳۸ Asia/Tehran
  • ایرانی وزیر خارجہ اور پاکستانی وزیر اعظم کے درمیان ملاقات، دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا

ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اسلام آباد میں پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کی جس میں پاکستانی وزیر اعظم نے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستانی عزم کا اعادہ کیا۔

سحرنیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے آج اتوار کے روز اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وزیراعطم انوارالحق کاکڑ نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعلقات پر زور دیا۔

پاکستان کے نگراں وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ اس موقع پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔ جی ایچ کیو، راولپنڈی میں ہونے والی اس ملاقات میں فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت اور ایک دوسرے کے تحفظات کو زیادہ سے زیادہ سمجھنے پر زور دیا۔ 

Image Caption

 

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر، کے مطابق فریقین نے اتفاق کیا کہ دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے باہمی تعاون اور بہتر کوآرڈینیشن سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔

 

ٹیگس