غاصب صیہونی حکومت اپنے ساتھ جنگ کے دلدل میں امریکہ کو بھی پھنسانا چاہتی ہے: ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اپنے ساتھ مغربی ایشیا کے علاقے میں جاری جنگ کے دلدل میں امریکہ کو بھی پھنسانا چاہتی ہے۔
سحرنیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے اپنے دورہ لبنان میں بیروت پہنچ کر کہا ہے کہ غزہ میں چار ماہ کی نسل کشی کے بعد اس بات کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اپنا کوئی بھی مقصد حاصل نہیں کر سکی ہے اور جو کچھ بھی حاصل ہوا ہے وہ فلسطین و لبنان اور علاقے میں جاری استقامت کا نتیجہ ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین و لبنان میں تحریک استقامت کے رہنماؤں نے نہایت شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے مقابلے میں موثر دفاعی کردار ادا کیا ہے اور امریکہ کو فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والی بچوں کی قاتل غاصب صیہونی حکومت کی حمایت بند کرنی ہو گی۔
حسین امیر عبد اللہیان نے کہا کہ ایران لبنان کی سلامتی کو اپنی اور علاقے کی سلامتی سمجھتا ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ ایران، لبنان اور تحریک استقامت کی حمایت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ غزہ پٹی پر غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے چار مہینے کے دوران ایران کے وزیر خارجہ کا یہ تیسرا دورہ لبنان ہے۔