Mar ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  • اسلامی جمہوریہ ایران نے غزہ کے الشفا اسپتال پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے کی مذمت کی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے الشفا اسپتال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلا موقع نہيں ہے کہ جب غاصب صیہونی حکومت نے کسی اسپتال پر حملہ کیا ہے۔

سحرنیوز/ ایران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ صیہونی حکومت اب تک غزہ کے تقریبا سبھی اسپتالوں پر حملے کرچکی ہے جبکہ کئی اسپتالوں کو منہدم، زیر علاج مریضوں نیز طبی عملے کے قتل عام سے بھی اس غاصب حکومت نے گریز نہیں کیا ہے۔ انھوں نے غزہ میں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور وحشیانہ جنگی جرائم نیز بے گناہ فلسطینی عوام کی نسل کشی پر عالمی برادری کی خاموشی اور کمزور ردعمل کی بھی شدید الفاظ ميں مذمت کی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے جنگ غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کو شکست خوردہ قرار دیا اور کہا  کہ صیہونی حکومت نہ صرف غزہ میں جنگ ہار چکی ہے بلکہ اب اس کا کوئی مستقبل بھی نہیں بچا ہے۔ ناصر کنعانی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ صیہونی حکومت کی فوج کے ریٹائرڈ بریگیڈیئر جنرل اسحاق بریک نے معاریو اخبار کے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ لوگوں سے زیادہ دیر تک جھوٹ نہیں بول سکتے، ہم نہ صرف حماس کے ساتھ جنگ ​​ہار گئے بلکہ ہم نے دنیا میں اپنے اتحادیوں کو بھی کھو دیا۔ حماس کی مکمل تباہی کا ہدف ہمارے منصوبوں کی فہرست سے نکل گیا ہے اور ہم اپنے قیدی بھی واپس نہیں لے سکے ہیں۔ صیہونی حکومت کو عالمی رائے عامہ میں بھی کوئی جگہ نہیں مل رہی ہے۔

جنرل اسحاق نے لکھا کہ غاصب اور جنگی جنون میں مبتلا حکومت نے پانچ ماہ میں غزہ میں بائيس ہزار خواتین اور بچوں سمیت اکتیس ہزار سے زائد عام شہریوں کو شہید کردیا مگرہر فلسطینی کی شہادت نے مسئلہ فلسطین کو مزید اجاگر کیا اور دنیا اور رائے عامہ میں فلسطین کی پوزیشن مستحکم کی ہے۔

ٹیگس