Mar ۲۷, ۲۰۲۴ ۲۰:۳۲ Asia/Tehran
  • فلسطین عالم انسانیت کا مسئلہ بن چکا ہے: صدر ایران

اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے آج بدھ کو تہران میں اپنے وفد کے ہمراہ صدر ایران سید ابراہیم رئيسی سے ملاقات کی۔

سحرنیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور ان کے ہمراہ وفد سے ملاقات میں صدر ایران نے ماہ رمضان کے مقدس مہینے اور غاصب صیہونی حکومت کے اہداف اور اس کی پالیسیوں کی شکست پر مبنی غزہ کے عوام کے عظیم کارنامے کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ غزہ کے مظلوم اور ثابت قدم عوام کی بھرپور مزاحمت اور استقامت سے اب مسئلۂ فلسطین صرف عالم اسلام کا مسئلہ نہیں رہا ہے بلکہ عالم انسانیت کا مسئلہ بن چکا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ پوری دنیا کے عوام غاصب و جابر صیہونی حکومت اور اس کے اصل حامی امریکہ سے نفرت اور غزہ کے مظلوم عوام سے محبت کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ آج پوری دنیا پر مسئلۂ فلسطین کی حقانیت ثابت ہوگئی اور اسلامی جمہوریہ ایران سمیت  فلسطین کے حامیوں کا موقف یہ ہے کہ صیہونی حکومت ناجائز، جرائم پیشہ اور امن کی مخالف ہے اورپورے خطے میں بدامنی اسی کی وجہ سے ہے۔

صدر ایران نے کہا کہ آج حماس اور فلسطینی استقامتی محاذ میں شامل دیگر فلسطینی تنظیموں نے اپنی دلیری،  شجاعت اور مجاہدت کی حقانیت پوری دنیا پر ثابت کردی ہے اور یہ کہ اس میں دو رائے نہیں کہ حتمی فتح فلسطینی عوام کی ہوگی اور شکست صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کا مقدر بنے گی۔

اس ملاقات میں حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں استقامت اور مجاہدت میں ایرانی عوام اور حکومت کی بھرپور حمایت کی قدردانی  کی اور شکریہ ادا کیا۔

 انھوں نے صدر ایران کو غزہ کے تازہ حالات کی تفصیلی رپورٹ  پیش کی اور کہا کہ طوفان الاقصی آپریشن نے  فلسطینی عوام کو غیرمعمولی فتح مندی سے ہمکنارکیا ہے۔      

ٹیگس