ایران میں عالمی یوم القدس کی عظیم الشان ریلیاں۔ ویڈیو+تصاویر
ماہ رمضان کے آخری جمعے، جمعۃ الوداع کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران میں نہایت شان و شوکت و خاص جوش و خروش کے ساتھ عالمی یوم القدس کی ریلیاں نکالی گئیں جن میں ایرانی عوام نے فلسطین بالخصوص غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ بھرپور انداز میں اعلان حمایت و وفاداری کے ساتھ ان سے اظہار ہمدردی و یکجہتی بھی کیا۔
سحرنیوز/ایران: ان ریلیوں کا اہتمام دارالحکومت تہران سمیت ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں قصبوں اور دیہاتوں میں کیا گیا۔ ریلیوں میں اعلیٰ سول و فوجی حکام نے بھی شرکت کی جبکہ جہاد اسلامی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ بھی تہران کی ریلی میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر شام کے دارالحکومت دمشق میں ایران کے سفارتخانے سے ملے قونصل خانے پر صیہونی ٹولے کے دہشتگردانہ حملے میں شہید ہونے والے ایران کے فوجی مشیروں کی تشییع جنازہ بھی عمل میں لائی گئی۔ ان شہیدوں کو شہدائے راہ بیت المقدس کا عنوان دیا گیا ہے وہی عنوان جس کو سپاہ قدس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو اب تک یاد کیا جاتا رہا ہے۔
ایران کی ریلیوں میں شریک عینی شاہدین کے ساتھ ساتھ میڈیا ذرائع کا بھی کہنا ہے اس بار یوم القدس کی ریلیاں گزشتہ چند برسوں کی بہ نسبت نہایت باعظمت اور پُر جوش و خروش رہی ہیں جن میں ملکی سطح پر دسیوں لاکھ ایرانیوں نے شرکت کی ہے۔
اس موقع پر فلسطین بالخصوص غزہ کو درکار انسانی امداد کے پیش نظر بڑے پیمانے پر امداد بھی اکٹھا کی گئی جس میں عوام نے بھرپور طریقے سے حصہ لیا۔